بھارت میں کورونا قابو سے باہر، ممبئی میں کیسز ووہان سے تجاوز کرگئے

ممبئی:بھارت میں کورونا وائرس قابو سے باہر ہوتا جارہا ہے اور ممبئی شہر میں کیسز چینی شہر ووہان سے بھی تجاوز کرگئے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق بھارت کے تجارتی حب ممبئی میں کورونا کے کیسز کی تعداد 51 ہزار سے تجاوز کرگئی جو وائرس کے مرکز چینی شہر ووہان سے بھی زیادہ ہے۔بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد 90 ہزار سے زائد ہے جن میں نصف سے زائد کیسز ریاستی دارالخلافہ ممبئی میں رپورٹ ہوئے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 86 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ 8 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔بھارتی وزارت صحت کا بتانا ہےکہ جمعرات کی صبح تک ملک میں ایک روز میں 9996 ریکارڈ کیسز سامنے آئے اور 357 افراد جان سے چلے گئے۔بھارتی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا سے ایک لاکھ 41 ہزار سے زائد افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جس کے بعد ایکٹو کیسز کی تعداد ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد ہے اور اس طرح ملک میں اب تک 49 فیصد کے قریب مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔بھارتی وزارت صحت کے مطابق جمعرات کی صبح 8 بجے تک 357 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جن میں مہاراشٹرا سے 149، دہلی 79، گجرات 20، اتر پردیش 19، تامل ناڈو 19، مغربی بنگال 17، تلنگانا 8 جب کہ مدھیا پردیش اور ہریانہ سے 7،7، ہلاکتیں سامنے آئیں۔بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ ملک میں ہونے والی 8 ہزار سے زائد ہلاکتوں میں سب سے زیادہ اموات ریاست مہاراشٹرا سے رپورٹ ہوئی ہیں جن کی تعداد 4300 سے زائد ہے جس کے بعد گجرات میں سب سے زیادہ 1347 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔بھارتی دارالحکومت نئی دہلی بھی بری طرح کورونا سے متاثر ہے جہاں اب تک 984 افراد جان سے جاچکے ہیں اور اس طرح دہلی ہلاکتوں میں تیسرے نمبر پر ہے۔حکام کا کہنا ہےکہ کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے بعد جولائی کے آخر تک صرف نئی دہلی میں کیسز کی تعداد تقریباً 5 لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے بھی کورونا کی روک تھام کے لیے دنیا کا طویل ترین لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا جس میں اب بتدریج نرمی کردی گئی ہے اور 8 جون سے شاپنگ مالز، عبادت گاہیں، مارکیٹیں، ٹرانسپورٹ اور دفتر کھولنے کی اجازت دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں