پاکستانی نقشے سے کشمیر غائب، پی ٹی وی کے دو ملازمین فارغ

پاکستان ٹیلی ویژن نے پاکستان کے نقشے سے کشمیر کو غائب کرنے پر اپنے دو ملازمین کو نوکری سے فارغ کر دیا ہے۔
حکومت کی جانب سے واقعے کا نوٹس لینے کے بعد پی ٹی وی نیوز کے مارننگ شو کے پروگرام پروڈیوسر اور کرنٹ افئیرز کے ہیڈ کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا۔(تصویر: سوشل میڈیا )

پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) نیوز نے پاکستان کے نقشے سے کشمیر کو غائب کرنے پر اپنے دو ملازمین کو نوکری سے فارغ کر دیا ہے۔

حال ہی میں پی ٹی وی کے مارننگ شو میں پاکستان کا نقشہ دکھایا گیا، جس میں کشمیر موجود ہی نہیں تھا اور مبینہ طور پر اسے بھارت کے نقشے میں شامل سمجھا گیا۔

سوشل میڈیا پر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنی ٹویٹ میں اس معاملے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ بہت ہی شرمناک بات ہے کہ پی ٹی وی کے مینیجنگ ڈائریکٹر ارشد خان ایک دہائی سے سرکاری ٹی وی کے سربراہ کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں لیکن وہ یہ بھول چکے ہیں کہ وہ پی ٹی وی کے ڈی فیکٹو چیئرمین ہیں نہ کہ دوردرشن کے۔‘

کاپی رائٹس کی خلاف ورزی پر پی ٹی وی ہوم کا آفیشل یوٹیوب چینل بند
فواد چوہدری نے وزیر اطلاعات شبلی فراز سے واقعے کا نوٹس لینے کی درخواست کی اور کہا کہ ‘وہ ایم ڈی پی ٹی وی کو بتائیں پاکستان کے لیے کشمیر کتنی اہمیت کا حامل ہے۔’

دوسری جانب بھارتی صحافی اسے بھارت کے لیے سفارتی نقطہ نظر سے بہت بڑی فتح قرار دے رہے تھے کہ پاکستانی سرکاری ٹی وی نے کشمیر کو اپنے نقشے میں شامل ہی نہیں کیا۔

حکومت کی جانب سے واقعے کا نوٹس لینے کے بعد مارننگ شو کے پروگرام پروڈیوسر اور کرنٹ افئیرز کے ہیڈ کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا۔

پاکستان اور بھارت دونوں ہی کشمیر کی ملکیت کا دعویٰ کرتے ہیں اور اس حوالے سے دونوں ملکوں کے مابین تین جنگیں بھی ہوچکی ہیں۔ اس کے علاوہ بھی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر گولہ باری اور شیلنگ کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں، جس کے نتیجے میں اب تک سینکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں