جوہانسبرگ میں سڑک کے درمیان پراسرار دھماکہ، شہری ہلاک، 48 زخمی

جوہانسبرگ (مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی افریقہ کے سب سے بڑے شہر جوہانسبرگ میں سڑک کے بیچ پراسرار دھماکے کے نتیجے میں ایک شہری ہلاک اور 48 زخمی ہوگئے۔ غیرملکی خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق جوہانسبرگ میں ایک سڑک پر گاڑیاں کھڑی تھیں کہ اچانک پراسرار دھماکا ہوا جس سے سڑک اکھڑ گئی اور اس کے نتیجے میں ایک شخص دم توڑ گیا۔ دھماکے سے سڑک میں دراڑیں پڑ گئیں جبکہ پیدل چلنے والوں اور گاڑیوں کو بھی جھنجھوڑ دیا۔ ایمرجنسی مینجمنٹ سروسز کے ترجمان رابرٹ مولودزی نے کہا کہ صبح کے آغاز میں ہم نے اس جگہ سے ایک شخص کی لاش برآمد کی جہاں دھماکا ہوا تھا۔ جوہانسبرگ کے صوبے گوتینگ کے وزیر اعظم پنیزا لیسوفی نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ دھماکے میں 48 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین نے زور دار دھماکے کے بعد کیمیائی بدبو اور بخارات کے نکلنے کی اطلاع دی جس کے نتیجے میں منی بس، ٹیکسیوں سمیت دیگر گاڑیاں الٹ گئیں۔ پنیزا لیسوفی نے کہا کہ ابتدائی معائنے میں دھماکے کی وجہ سامنے نہیں آئی، ماہرین اب بھی وجہ تلاش کر رہے ہیں۔ دھماکا ایک وسیع چار لین ایونیو پر ہوا جسے منی بسوں کے ذریعے آنے جانے کی مرکزی شاہراہ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، جس کی سرحدیں اونچی عمارتوں کے رہائشی اپارٹمنٹس اور اسٹریٹ لیول اسٹورز سے ملتی ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکھایا گیا کہ دھماکے کے بعد خوفزدہ لوگ خود کو محفوظ کرنے کے لیے بھاگ رہے ہیں۔ ایمرجنسی سروسز نے ابتدائی طور پر دھماکے کی وجہ سے زیر زمین گیس پائپس کو قرار دیا لیکن شہر کی پرائیویٹائزڈ گیس کمپنی نے کہا کہ ایسا امکان نہیں ہے کیونکہ صارفین کو تاحال سپلائی بلا تعطل جاری ہے۔ دیگر ذرائع کے مطابق دھماکا غیر قانونی کان کنی کے مشتبہ واقعے میں کار کی بیٹری کے ساتھ ملائے گئے ڈائنامائٹ کے نتیجے میں ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں