شیری رحمان نے خواتین سے متعلق بیان پر خواجہ آصف کی متنازع تقریر سوشل میڈیا پر شیئر کر دی

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے خواتین سے متعلق بیان پر وزیر دفاع خواجہ آصف کی متنازع تقریر سماجی ویب سائٹ پر شیئر کر دی۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے دو روز قبل اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کی خواتین کو کھنڈرات اور باقیات قرار دیا تھا۔خواجہ آصف کی تقریر کے دوران وفاقی وزیر برائے ماحولیات شیری رحمان بھی پارلیمنٹ میں موجود تھیں اور سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خواجہ آصف کی تقریر کے دوران شیری رحمان مسکرا رہی ہیں۔اب اس حوالے سے شیری رحمان نے سوشل میڈیا پر خواجہ آصف کی متنازع تقریر شیئر کرتے ہوئے وضاحتی بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ خواتین اراکین پارلیمنٹ کے خلاف بات پر نہیں مسکرائی، نیشنل ایڈاپٹیشن پلان کی منظوری کا ساتھی سے ذکر کر رہی تھی۔شیری رحمان نے لکھا کہ بات کا صرف آخری حصہ سنا، سوچا یہ خصوصا خواتین کے خلاف نہیں، یہ ایک دوسرے کے خلاف سیاسی میچ ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ انہیں خوشی ماحولیاتی منصوبے پر کابینہ میں اتفاق رائے پر تھی کیونکہ اس منصوبے پر کام میں شب و روز صرف ہوئے تھے۔شیری رحمان نے کہا کہ خواتین سے متعلق ریمارکس سنے ہوتے تو ضرور مداخلت کرتی، مجھ سے غلطی ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں