تمپ:جرائم پیشہ افراد بےقابو، ایک اور ڈکیتی،بچے کے سامنے ماں کا قتل
تمپ:بلوچستان میں جرائم پیشہ افراد کی طرف سے قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری، کیچ کے علاقے تمپ دازن میں چوری کے غرض سے آئے جرائم پیشہ افراد نے گھر میں گھس کر چھری سے خاتون کو قتل کر دیا، گھر کے تمام سامان لوٹ لیے، حالیہ برمش واقعے پر ابھی تک احتجاج اور ریلیوں کا سلسلہ تھما ہی نہیں کہ جرائم پیشہ افراد نے ایک اور گھر میں گھس کر بچے کے سامنے ماں کو قتل کرکے گلے کے زیورات سمیت گھر کے تمام سامان لوٹ لیے، بلوچستان میں جرائم پیشہ افراد اب مکمل طور پر بے قابو ہو چکے ہیں، حکومتی دعوی دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں، بلوچستان میں خون و آگ کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ گزشتہ دنوں ایک ایسے واقعے میں تربت کے علاقے ڈنک میں جرائم پیشہ افراد جنہوں بقول سیاسی و سماجی تنظیموں کے بااثر حلقوں کی پشت پناہی حاصل ہے نے ایک گھر میں گھس کر مزاحمت کرنے پر ملک ناز نامی خاتون کو قتل کر دیا تھا جبکہ ملک ناز کی چھوٹی بیٹی برمش کو گولی مار کر زخمی کر دیا تھا۔ بلوچستان میں سرگرم سیاسی و سماجی تنظیموں کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں جرائم پیشہ افراد کو مکمل چھوٹ دی گئی ہے جس کے بعد وہ مختلف جرائم میں ملوث ہیں۔ ان کا دعوی ہے کہ ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی جس سے سماج میں انسانی جرائم کا رونما ہونا معمول کی بات بن چکی ہے۔ آج تمپ دازن میں ڈکیتی کے وارات میں کلثوم نامی خاتون جاں بحق ہوئی ہے۔ واقعے کے خلاف سوشل میڈیا میں سیاسی و سماجی حلقوں کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آ رہا ہے۔