جیکب آباد، 2 لاکھ ایکڑ پر کھڑی دھان کی فصل پر سنڈی کا حملہ، نصف پیداوار تباہ، آبادگار پریشان

جیکب آباد ( آئی این پی )جیکب آباد میں 2 لاکھ ایکڑ پر کھڑی دھان کی فصل پر پتہ لپیٹ سنڈی کا حملہ، نصف پیداوار تباہ، مکمل فصل تباہ ہونے کا اندیشہ، آبادگار پریشان، محکمہ زراعت لاتعلق۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد ضلع کی تین تحصیلوں ٹھل، گڑہی خیرو اور جیکب آباد میں 2 لاکھ 10 ہزار ایکڑ پر کھڑی دھان کی فصل پر پتہ لپیٹ سنڈی نے شدید حملہ کردیاہے جس کی وجہ سے اب تک نصف پیداوار متاثر ہوچکی ہے جبکہ بروقت اور موثر ادویات استعمال نہ کی گئی تو مکمل فصل تباہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے اب تک کی صورتحال میں آبادگاروں کا اربوں روپیوں کا نقصان ہوچکا ہے جبکہ اس پر قابو نہیں پایا گیا تو آبادگاروں کی مکمل فصلبرباد ہوسکتی ہے، آبادگاروں کا کہنا ہے کہ پتہ لپیٹ سنڈی نے فصل پر خطرناک حملہ کیا ہے مارکیٹ میں غیر معیاری زہر مل رہا ہے جس کی وجہ سے سنڈی کا خاتمہ ممکن نہیں ہورہا جبکہ محکمہ زراعت کی ملی بھگت سے شہر میں نقلی اور غیر معیاری زہر بھی بلیک پر فروخت کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے آبادگاروں کو مشکلات کا سامنا ہے، آبادگاروں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے حکام اس خطرناک صورتحال میں بھی غائب ہیں ضلع بھر میں دھان کی فصل پر پتہ لپیٹ سنڈی کے حملے کے باعث ہماری فصلوں کی پیداوار نصف ہوگی کیوں کہ سنڈی نے دھان کی فصل کے پتوں پر جالے بنا لیے ہیں اس سے فصل کی پیداوار کم ہوگی اگر اب بھی اس صورتحال پر کنٹرول نہیں کیا گیا تو مزید نقصان کا خدشہ ہے، مقامی آبادگاراور زراعت کے شعبے کے ماہر زبیر احمد کھوسونے بتایا کہ دھان کی فصل اس وقت نازک مرحلہ سے گذر رہی ہے رواں ماہ میں دھان کی فصل پر پتہ لپیٹ سنڈی کا حملہ بڑھ سکتا ہے اور اس کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے یہ سنڈی پتوں کا سبز مادہ(کلوروفل)کھا جاتی ہیں جس کی وجہ سے پتوں پر مٹیالے رنگ کی لکیریں پڑ جاتی ہیں پتے کا سبز مادہ ختم ہونے کی صورت میں اس میں جاری ضیائی تالیف کا عمل بری طرح متاثر ہوتا ہے اور اس میں خوراک بنانے کی صلاحیت میں کمی واقع ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے دھان کی فی ایکڑ پیداوار بری طرح متاثر ہوتی ہے، انہوں نے بتایا کہ انڈے نکلنے کے بعد ایک دو دن تک یہ سنڈی کھلے پتے پر ملتی ہے لیکن بعد ازاںیہ سنڈی پتے کے دونوں کناروں کو اپنے لعاب سے بنائے ہوئے دھاگے سے جوڑ دیتی ہے اور دھان کا پتہ لیپٹا ہوا یا نالی نما نظر آتا ہے اور یہ سنڈی پتے کے اندر رہ کر سبز مادہ کھا جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ فصلوں کو بچانے کے لیے محکمہ زراعت کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں