چند ڈاکو ہماری فورسز کے قابو میں کیوں نہیں آرہے؟،نگران وزیراعلیٰ سندھ
کراچی(صباح نیوز)نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس(ر) مقبول باقر نے کہا ہے کہ چند ڈاکو ہماری فورسز کے قابو میں کیوں نہیں آرہے؟ ہر ڈاکو جہنم رسید ہونا چاہئے، گھوٹکی کشمور پل پرکام شروع کروائیں۔مقبول باقر کی زیرصدارت اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جہاں آئی جی پولیس نے امن و امان سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال اغوا برائے تاوان کے 220 واقعات ہوئے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اغوا برائے تاوان کے81 کیسز ہوئے تھے، 128 افراد لاڑکانہ، 46 سکھراور 42 کراچی سے اغوا ہوئے۔بریفنگ میں بتایا گیاکہ کراچی کے 42 مغوی بازیاب کروائے گئے اور سکھر سے 46 مغویوں میں سے 41 بازیاب ہوئے ہیں، لاڑکانہ سے 128 میں سے 121مغوی بازیاب ہوئے ہیں۔آئی جی پولیس نے کہا کہ 220 میں سے ابھی تک 210 بازیاب ہوچکے ہیں، آپریشن میں ٹارگٹ 60 ڈاکوئوں کی فہرست بنالی گئی ۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ چند ڈاکو ہماری فورسز کے قابو میں کیوں نہیں آرہے؟ یہ ڈاکو ہر صورت جہنم رسید ہونے چاہئیں، افسوس کہ ڈاکوئوں کی وجہ سے پل کی تعمیر کا کام بند ہے۔مقبول باقرنے پولیس اور رینجرزکو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گھوٹکی کشمور پل پرکام شروع کروائیں۔کورکمانڈر نے رینجرز اور پولیس کو فوری پل کی سائیٹ پرجانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پل بن گیا تو ڈاکوئوں کے چھپنے کی مقامات کھل جائیں گے، دریا کے بند پر 400 پولیس چوکیاں بنائی جارہی ہیں۔اپیکس کمیٹی اجلاس میں ایکشن پلان سے متعلق بریفنگ میں کہا گیا کہ پولیس کے ساتھ رینجرز کو بھی آپریشن کیلئے لگایا گیا، اسلحے کی سمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون شروع کیا گیاہے۔مزید کہا گیاکہ ڈاکوئوں کے خلاف سٹریٹجک آپریشن شروع کیا ہے، پاکستان آرمی کے ساتھ رینجرز اور پولیس آپریشن کرے گی،وزیراعلیٰ نے آپریشن کی حکمت عملی کی منظوری دے دی۔