آنکھوں کو متاثر کرنے والا انجکشن مارکیٹ سے اٹھا لیا گیا، سپلائرز کیخلاف مقدمہ درج
اسلام آباد (این این آئی)نگران وفاقی وزیر صحت ندیم جان نے کہا ہے کہ مقامی طور پر تیار کردہ انجکشن، جو مبینہ طور پر پنجاب میں متعدد مریضوں کی بینائی کو نقصان پہنچانے کا باعث بنا ہے، مارکیٹ سے واپس منگوا لیا گیا ہے ،سپلائرز کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے،ملتان، قصور، لاہور اور صادق آباد سے انجیکشنز کے حوالے سے رپورٹس موصول ہوئی ہیں،تحقیقات جاری ہیں، 5 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو 3 روز میں رپورٹ پیش کرے گی۔ اتوار کویہاں پنجاب کے وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر کے ہمراہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر صحت نے کہا کہ ملتان، قصور، لاہور اور صادق آباد سے انجیکشنز کے حوالے سے رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر جمال ناصر نے ہمیں بتایا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں، 5 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو 3 روز میں رپورٹ پیش کرے گی۔انہوںنے کہاکہ آنکھوں کو متاثر کرنے والے انجکشن کو مارکیٹ سے اٹھا لیا گیا ہے، جعلی انجکشن فراہم کرنے والے 2 سپلائرز کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے، اس کی شفاف تحقیقات ہوں گے اور عوام کے سامنے پیش کی جائیں گے۔ندیم جان نے کہا کہ تحقیقات کے بعد قانون کے مطابق تادیبی کارروائی کی جائے گی اور ہم یہ یقین دہانی کروا رہے ہیں کہ جس سے بھی یہ غلطی ہوئی ہے ہم اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔انہوںنے کہاکہ ہم مریضوں کا مداوا بھی کریں گے، جو بھی اس کے متاثرین ہیں ہم انہیں بھرپور تعاون فراہم کریں گے تاکہ ان کے نقصان کا ازالہ ہو، انہیں بہترین طبی سہولیات مہیا ہوں۔ڈینگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ندیم جان نے کہا کہ تاحال ڈینگی کی صورتحال قابو میں ہے، پنجاب میں اب تک ساڑھے 3 ہزار کے لگ بھگ کیسز سامنے آچکے ہیں، اس میں پچھلے سال کے مقابلے میں خاطر خواہ کمی آئی ہے، پچھلے سال اس وقت تک 10 ہزار کیسز سامنے آچکے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ڈینگی کے انسداد کےلئے اٹھائے جانے والے اقدمات کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے ہیں اور ڈینگی اسی رفتار سے نہیں پھیل رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ سب سے کوشی کی بات یہ ہے کہ پنجاب میں اب تک ڈینگی کے سبب کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے، 15 اکتوبر تک ڈینگی کے عروج کا موسم رہتا ہے اس کے بعد اس میں کمی آنا شروع ہوجاتی ہے، ان شا اللہ اگر ڈینگی کی یہی صورتحال جاری رہی تو اس سے کوئی نقصان نہیں ہوگا۔مارکیٹ میں دوائیوں کی قلت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ندیم جان نے کہا کہ مارکیٹ میں ٹیمیں 24 گھنٹے مانیٹر کررہی ہیں، مارکیٹ کا جائزہ لے رہی ہیں اور تاحال کوئی جائز اور معقول شکایت ان کی نظر سے نہیں گزری۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ یہ انجکشن ذیابیطس کے مریضوں کو آنکھوں کی سوجن کے علاج کے لیے دیا جاتا ہے، یہ کافی عرصے سے استعمال ہوتا آرہا ہے لیکن اب یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ اس انجکشن پر بھاری منافع کمایا جا رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ انجکشن 100 ایم جی کا ٹیکا ہے جو ایک ملٹی نیشنل فارماسیوٹیکل کمپنی نے تیار کیا اور ایک معروف ادارے اسے مارکیٹ میں تقسیم کرتا ہے۔انہوںنے کہاکہ یہ 100 ایم جی کا ٹیکا ہوتا ہے لیکن اسے آنکھوں کےلئے تقسیم کیا جاتا ہے کیونکہ صرف 1.2 ایم جی کی خوراک درکار ہوتی ہے، ظالم لوگ اس کے عوض 1200 روپے وصول کرکے ایک ایک انجکشن پر ایک ایک لاکھ روپیہ کما رہے تھے۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کی جانب سے پوری کھیپ کو مارکیٹ سے ہٹا دیا گیا ہے، ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ جب تک رپورٹس واضح نہیں ہو جاتیں، اسے فروخت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے انسپکٹرز سے کہا کہ وہ اس انجکشن کو مارکیٹ سے ضبط کر لیں، نوید اور حافظ بلال نامی 2 سپلائرز کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ کیسز صرف لاہور اور قصور تک محدود نہیں، ملتان اور صادق آباد سے بھی رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا یہ اسٹرلائزیشن کا مسئلہ تھا یا انجیکشن کی پوری کھیپ میں ہی کوئی مسئلہ تھا۔انہوں نے کہا کہ حکام انجکشن درآمد کرنے کے لائسنس، تقسیم کے عمل اور انجکشن لگانے والے ڈاکٹروں کے اہلیت کے معاملے کو بھی دیکھ رہے ہیں، لہٰذا جب تحقیقات مکمل ہو جائیں گی اور رپورٹ سامنے آئے گی، تب ہم حتمی رائے دینے کی پوزیشن میں ہوں گے، تاحال متاثرہ مریضوں کی جو تعداد لگ رہی ہے وہ تقریباً 14 سے 20 کے درمیان ہے تاہم انہوں نے کوئی ٹھوس اعداد و شمار بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ حکام کو انفرادی طور پر ہر مریض کا انٹرویو لینا ہوتا ہے اس کے بعد ہی اصل تعداد کی باضابطہ طور پر تصدیق ہوسکتی ہے۔