خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس بدھ کو ہوگا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس بدھ کو ہوگا،اجلاس میں زراعت، معدنیات، کان کنی، توانائی اور آئی ٹی سے متعلق منصوبوں کی منظوری دی جائے گی۔اجلاس کی صدارت نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کریں گے، جس میں سول اور عسکری حکام شرکت کریں گے، سرمایہ کاری کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ حکومت نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے دائرہ کار کو ملکی اقتصادی ایجنڈے تک بڑھا دیا ہے، جس کا مقصد مقامی سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے ساتھ ہی معیشت کو مستحکم کرنا ہے۔ایگزیکٹو کمیٹی کے پانچویں اجلاس کے ایجنڈے نے ظاہر کیا کہ کونسل کا مینڈیٹ اب فوری فیصلہ سازی کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری کی سہولت تک محدود نہیں ہے۔مشترکہ سول ملٹری کی زیر قیادت فورم کے دائرہ کار میں اب مختلف وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ، سرمایہ کاروں اور سرکاری محکموں کے درمیان تنازعات کا حل، مختلف شعبوں کے لیے گیس کی تقسیم، بڑے میٹروپولیٹنز کے لیے پانی کی فراہمی کی سکیمیں، گردشی قرضے، اور تیل کی سمگلنگ کو روکنا شامل ہیں۔پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے)کی نجکاری اور غیر ملکی سفارتی مشنز کی کارکردگی کا معاملہ بھی اجلاس میں زیر بحث آئے گا۔