عالمی پینٹومائم فیسٹول، بلوچستان سے پہلی بار فنکاروں پر مشتمل گروپ ایران روانہ

کوئٹہ( این این آئی)ایرانی شہر زنجان میں منعقدہ دوسری عالمی پینٹومائم فیسٹول میں بلوچستان سے پہلی بار پانچ رکند فنکاروں پر مشتمل گروپ صوبے کی نمائندگی کرنے کیلئے ایران روانہ ہوگیا۔ عالمی فیسٹول کا انعقاد 9 سے 14 اکتوبر تک ایران کے شہر زنجان میں ہوگا جس میں اس سال بلوچستان کا گروپ بھی پرفارم کرینگے۔ اس موقع پر گروپ کے سربراہ اے ڈی بلوچ اور بلوچستان کے معروف فنکارعمرفاروق نے کوئٹہ میں ایران خانہ فرہنگ کے ڈائریکٹر جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کی کوششوں کی بدولت بلوچستان سے پہلی بار فنکاروں کا گروپ اس اہم عالمی فیسٹول میں پرفارم کرنے جارہا ہے جس سے صوبے میں موجود ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے متعارف کرنے کا سنہری موقع ملے گا۔ دوسری طرف کوئٹہ میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے خانہ فرہنگ کے ڈائریکٹر جنرل سید ابوالحسن میری کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سینما، تھیٹر اور ہر شعبے میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہے جس کو دنیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے صوبے کے حقیقی چہرے کو اجاگر کیا جاسکتا ہے اور دونوں ملکوں کے ثقافتی تعلقات کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیسٹول بلوچستان کے فنکاروں کو بہت کچھ سیکھنے اور دیکھنے کا موقع مہیا کرکے تھیٹر کے حوالے سے تعاون کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں