آغاز حقوق بلوچستان پیکج کے تحت 5 ہزار نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا گیا، پیپلز پارٹی بلوچستان

کوئٹہ (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ 30 نومبر کو کوئٹہ میں یوم تاسیس میں بلوچستان بھر سے کارکن شریک ہوں گے۔ جس میں پارٹی چیئرمین انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ پارٹیوں میں سیاسی لوگوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے دوسری جماعت میں جانے والوں کو خدا حافظ اور آنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔کنونشن میں پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سمیت دیگر مرکزی قائدین شرکت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں قاسم اچکزئی، ربانی خلجی، عین الدین، شیخ بلال مندوخیل سمیت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ملک اور قوم کے لئے گراں قدر خدمات سر انجام دی ہےں جس کے ثمرات سے ملک اور قوم مستفید ہورہے ہیں۔ جس طرح پارٹی کے قائد نے ملک کو 1973ءکا آئین اور اس کے بعد اٹھارویں ترمیم کے ذریعے اختیارات صوبوں کو منتقل کئے اور بلوچستان میں بڑے بڑے منصوبے تشکیل دیئے جن کی بدولت بولان میڈیکل کالج سمیت دیگر تعلیمی اداروں کا قیام اور آغاز حقوق بلوچستان پیکج کے تحت 5 ہزار بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے۔ یہ تمام اقدامات پیپلز پارٹی کی مرہون منت ہیں۔ اٹھارویں ترمیم سے کے ذریعے صوبوں کو خود مختار بناکر وسائل کا مالک بنایا اس سے قبل صوبے اپنے ملازمین کی تنخواہوں کیلئے بھی وفاق کے پاس جاتے تھے جس سے ملازمین کا مسئلہ مستقل طور پر حل ہوگیا۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پارٹی کے چیئرمین سے ملاقات کے دوران بلوچستان کی قیادت نے یوم تاسیس کوئٹہ میں منعقد کرنے کی خواہش ظاہر کی جس پر چیئرمین نے 30 نومبر کو کوئٹہ میں ایوب اسٹیڈیم میں یوم تاسیس منعقد کرانے کا فیصلہ کیا اور وہ 3 روزہ دورہ پر کوئٹہ آئیں گے اس موقع پر انتخابی مہم کا اعلان کریں گے۔ یوم تاسیس بلوچستان بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوں گی چیف آف جھالاوان نواب ثناءاللہ زہری یوم تاسیس کے کنوینئر ہیں ہم پارٹی کی تمام قیادت ان کے ساتھ پروگرام کو کامیاب بنانے اور تیاریوں کے حوالے سے رابطے میں رہتے ہوئے مکمل تعاون کررہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی میں سیاسی لوگوں کا آنا جانا رہتا ہے آنے والوں کو خوش آمدید اور جانے والوں کو خدا حافظ کہتے ہیں۔ (ن) لیگ میں جانے والوں کے اپنے مفادات تھے پیپلز پارٹی بلوچستان کے لوگوں مفاد کو ترجیح دیتی ہے۔ اور دوسری پارٹیوں میں جانے والے پارٹی میں واپس آئیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں