مستونگ، 525کورونا ٹیسٹ میں سے 138مثبت آئے

مستونگ: ترجمان شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال مستونگ نے کورونا وائرس کے حوالے سے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 13 اپریل سے تا حال ہسپتال میں 525 کورونا وائرس کے ٹیسٹ سیمپل لئے گئے ہیں جن میں سے 138 نتائج مثبت جبکہ 374 منفی آئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر و ہسپتال انتظامیہ مقامی آبادی کو جہاں وبائی صورتحال میں دیگر بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے میں کوشاں ہے وہاں ہی عوام کو کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کی سہولیات بھی بلاتعطل فراہم کی جارہی ہیں ترجمان کے مطابق روزانہ مریضوں کے سیمپل جمع کرکے انہیں روزانہ کی بنیاد پر فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال کوئٹہ پہنچایا جاتا ہے جہاں سے ٹیسٹ نتائج موصول ہونے کے بعد جن مریضوں کے نتائج مثبت آتے ہیں انہیں کال کرکے یا رابطہ کرکے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جاتا ہے اور طبیعت زیادہ ناساز ہونے کی صورت میں مریض کو ہسپتال میں قائم آئسولیشن وارڈ منتقل کردیا جاتا ہے. ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر خود بھی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنے اردگرد اور فیملی ممبران کو بھی اس حوالے سے پابند کریں موجودہ وباء کے خاتمے اور اس سے بچاؤ کا واحد حل احتیاطی تدابیر ہیں اس طرح سے انسان نہ صرف خود محفوظ رہ سکتا ہے بلکہ اپنے پیاروں کی زندگیوں کو بھی محفوظ بنا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں