متحدہ کا سندھ میں نئی حلقہ بندیوں پر تحفظات کا اظہار، عدالت سے رجوع کرنیکا فیصلہ
کراچی (انتخاب نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) نے سندھ میں نئی حلقہ بندیوں پر تحفظات کا اظہار کردیا، ایم کیوایم کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے بعد اب عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سندھ میں حلقہ بندیوں پر تحفظات کے معاملے پر ایم کیو ایم نئی حلقہ بندیوں پر جلد عدالت میں درخواست دائر کرے گی۔ عدالت میں نئی حلقہ بندیوں سے متعلق اعتراضات اٹھائے جائیں گے۔ ایم کیو ایم وفد نے آج چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی تھی، جس میں کیماڑی، ملیر اور کورنگی میں حلقہ بندیوں پر اعتراضات اٹھائے گئے۔ ایم کیو ایم نے حیدرآباد، سکھر، میرپور خاص اور نواب شاہ میں حلقہ بندیوں پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ ایم کیو ایم نے الیکشن کمشنر سندھ کی تبدیلی کا بھی مطالبہ کیا تھا، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔


