اورماڑہ میں بجلی اور پانی بحران کیخلاف بی این پی اور نیشنل پارٹی کا دھرنا انتظامی یقین دہانی پر ختم

اورماڑہ(یواین اے)محکمہ پبلک ہیلتھ کے ایس ڈی او عبد القیوم بادینی مزاکرات کے لیئے اورماڑہ میں بلوچستان نیشنل پارٹی اورماڑہ اور نیشنل پارٹی اورماڑہ کی جانب سے آبی بحران اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف آج دوسرے روز سے جاری احتجاجی دھرنے میں پہنچ گئے۔ مذاکرات کے دوران ایس ڈی او پبلک ہیلتھ نے کہا ہے کہ انجن آئل، بیٹریز اور مشینری کی خرابی کو درست کرنے کے لیے دیگر سامان ساتھ لے آیا ہوں مشینری کو درست کر کے پانی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب کے باعث بسول میں محکمہ پبلک ہیلتھ کے پانی کے کنویں بھی شدید متاثر ہوئے ہیں کنویں میں مزید کھدائی اور ریپیرنگ کا کام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ تمام مسائل کو جلد حل کر کے شہر میں پانی کی بحالی کو مکمل طور پر یقینی بنایا جائے گا۔ دریں اثنا احتجاجی مظاہرین کی واپڈا کے اعلی حکام سے بات چیت ہوئی۔ واپڈا کے اعلی حکام نے ضلع کیچ میں فنی خرابی سے ضلع گوادر میں وولٹیج کا مسئلہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے مسئلے پر جلد قابو پا کر لوڈ شیڈنگ کے دورانیے کو دن کے اوقات میں تبدیل کیا جائے گا۔ تاہم مسائل کے حل کی یقین دہانیوں اور کامیاب مذاکرات کے بعد بلوچستان نیشنل پارٹی اورماڑہ اور نیشنل پارٹی اورماڑہ کی جانب سے دو دن سے جاری احتجاجی دھرنے کو ختم کر دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں