خضدار میں خود ساختہ مہنگائی، دکانداروں نے عوام کو لوٹنا شروع کردیا

خضدار (بیورو رپورٹ) خضدار میں شب برات کے بابرکت دن کی حرمت کی پامالی، منافع خوروں قصابوں، فروٹ، سبزی فروشوں، دکانداروں نے شہر بھر میں خودساختہ مہنگائی کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کردیا، عوام پریشان، پرائس کنٹرول کمیٹی غائب۔ خضدار میں پرائس کنٹرول کمیٹی غائب ہے شہر میں قصابوں کی حکمرانی شروع، چھوٹے گوشت کی قیمت اٹھارہ سو روپے، بڑے گوشت کی قیمت بارہ سو روپے، مرغی 750 روپے اور سبزی و پھلوں کی قیمتیں دوگنی کرنے سے عوام منافع خوروں، گراں فروشوں، ذخیرہ اندوزوں کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور۔ اس سے قبل خضدار میں چھوٹا گوشت 14 سو روپے، بڑا گوشت 8 سو روپے اور سبزیوں کے نرخ اعتدال پر تھے، شب برات کے موقع پر خضدار میں منافع خوروں نے سرکاری نرخنامہ کی دھیجاں اڑادی، تاجروں، دکانداروں، ریڑھی بانوں نے شب برات کی حرمت کا خیال نہ رکھتے ہوئے لوگوں کو خوب لوٹنا شروع کردیا۔ خضدار کے عوامی وسیاسی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر خضدار محمد عارف زرکون، اسسٹنٹ کمشنر خضدار حفیظ اللہ کاکڑ سے مطالبہ کیا ہے کہ خضدار شہر میں منافع خوروں، قصابوں، فروٹ سبزی فروشوں کی من مانی نرخوں کا نوٹس لیکر سرکاری نرخنامہ آویزان کرنے کیلئے انکوپابند بنائیں تاکہ عوام مزید اس کوفت سے چھٹکارا حاصل کرسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں