بلوچستان میں شدید بارشیں، پاک ایران سرحدی علاقے میں متعدد مال بردار گاڑیاں پھنس گئیں
کوئٹہ (انتخاب نیوز) ماشکیل اور سرحد کے ملحقہ علاقوں میں مسلسل موسلا دھار بارش نے اہم رکاوٹیں پیدا کی ہیں، 20 سے زائد نجی اور تجارتی گاڑیاں کیچڑ والے راستوں اور سڑکوں میں پھنس گئی ہیں۔ صورتحال بنیادی طور پر نقل و حمل کے شعبے کو متاثر کررہی ہے، خاص طور پر ایندھن لے جانے والی تجارتی گاڑیاں۔ چاغی کی ضلعی انتظامیہ نے صورتحال پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں کوئی خاندان پھنسا ہوا نہیں۔ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ نے پھنسے ہوئے لوگوں اور گاڑیوں دونوں کو نکالنے کے لیے لیویز فورس کو متحرک کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں چاغی میں پاک ایران سرحدی علاقے بھگ ایریا میں گزشتہ 2 روز سے متعدد تیل بردار گاڑیاں پھنس چکی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تیل بردار گاڑیوں کے ڈرائیورز اور عملہ بھی پھنس گیا ہے، گزشتہ 2 روز سے ان سے کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔ سرحدی حکام کے مطابق پھنس جانےوالے ڈرائیورز اور ساتھیوں کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں، پھنس جانے والی گاڑیوں میں تیل بردار مال بردار شامل ہیں، بھگ ایریا میں بذریعہ گاڑی جانا ناممکن ہے، وہاں بارشوں اور سیلابی ریلوں سے زمین پھسلن ہوچکی ہے۔ خاندانی ذرائع نے بتایا کہ پھنس جانے والے سینکڑوں افراد کی زندگی اور موت کا مسئلہ درپیش ہے، پھنس جانے والے افراد کو نکالنے کے لیے فوری طور پر فضائی ریسکیو آپریشن کیا جائے۔


