صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کی غیر سنجیدگی، کوئٹہ میں رمضان سستے بازار کا انعقاد نہ ہوسکا
کوئٹہ ( آن لائن)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں رمضان کا پہلا عشرہ اختتام پذیر ہونے والا ہے حکومت اور متعلقہ حکام کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے رمضان سستے بازار کا انعقاد ممکن نہیں بنایا جاسکا اور نہ ہی بڑھتی ہوئی اور گراں فروشی پر قابو پایا جاسکا ہے انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ریٹ لسٹ پر گوشت ، مرغی ، پھل سبزیاں ، دودھ، دہی اور تندور مالکان نے عملدرآمد کرنے کی بجائے جاری کردہ نرخوں کو ہوا میں اڑا دیا ہے حکومت کی جانب سے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں شہریوں کو سستے داموں اشیاءخوردونوش اور دیگر روز مرہ کے استعمال کی چیزوں کی فراہمی کے لئے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں 3 سستے بازار قائم کرنے تھے پہلا عشرہ اختتام پذیر ہونے والا ہے تا حال حکام اور حکومت نے سستے بازاروں کا انعقاد ممکن نہیں بنایا جس کی وجہ سے شہریوں میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔ عوامی حلقوں نے حکومت اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ سستے بازار کا انعقاد کرنے کے ساتھ ساتھ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور گراں فروشی پر قابو پاکر عوام کو ریلیف دیا جائے۔


