سیندک کی لیز میں توسیع سے متعلق بلوچستان حکومت نے کوئی معاہدہ نہیں کیا نہ ایسا کوئی ارادہ رکھتی ہے، ظہور بلیدی

کوئٹہ:وزیرخزانہ بلوچستان میر ظہور بلیدی نے کہا ہے کہ سیندک کی لیز میں توسیع سے متعلق بلوچستان حکومت نے کوئی معاہدہ نہیں کیا نہ ہی مستقبل میں حکومت ایسا کوئی معاہدہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے2019ء اور2020ء میں چار ہزار سے زائد کارروائیاں کی ہیں متعدد کیسز ڈرگ کورٹ کو بھیجے گئے ہیں جن میں کچھ کے فیصلے بھی ہوچکے باقی زیر سماعت ہیں، یہ بات انہوں نے جمعہ کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں سیندک لیز کی توسیع اور غیر معیاری ادویات کے اٹھائے گئے ریکوزیشن نکات پر بحث سمیٹتے ہوئے کہی، وزیر خزانہ میر ظہور بلیدی نے کہا کہ سیندک کی لیز میں توسیع سے متعلق بلوچستان حکومت نے کوئی معاہدہ نہیں کیا نہ ہی مستقبل میں حکومت ایسا کوئی معاہدہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ سیندک کی پسماندگی آج کی بات نہیں 1974ء سے یہی حالت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیندک منصوبے سے متعلق اگر دو کمپنیوں کے درمیان کوئی معاہدہ ہوا ہے تو اس سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد اب صوبے میں تیل و گیس کی آمدنی سے صوبے اور وفاق کو پچاس پچاس فیصدشیئرز ملنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے2019ء اور2020ء میں چار ہزار سے زائد کارروائیاں کی ہیں متعدد کیسز ڈرگ کورٹ کو بھیجے گئے ہیں جن میں کچھ کے فیصلے بھی ہوچکے باقی زیر سماعت ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں