کار ساز کمپنیوں کیخلاف سیفٹی ٹیسٹ میں جعلسازی الزامات کی تحقیقات شروع

ٹوکیو (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر میں معروف گاڑیاں بنانے والی بڑی کار ساز کمپنیوں کے خلاف گاڑیوں کے سیفٹی ٹیسٹ میں جعلسازی کے الزامات پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔غیر ملکی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق جاپان میں گاڑیاں بنانے والی دنیاکی معروف کمپنیوں ٹویوٹا، سوزوکی، ہونڈا، یاماہا اور مزدا کی جانب سے ان کی گاڑیوں کے کچھ ماڈلز کی سرٹیفکیشن کے لیے جمع کروائے گئے ٹیسٹ نتائج میں بے ضابطگیاں پائی گئیں۔ جاپان کی وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق کمپنیوں کی جانب سے گاڑیوں کی سرٹیفکیشن کے لیے جمع کروائے گئے ڈیٹا میں جعلسازی پائی گئی جس کے بعد وزارت ٹرانسپورٹ نے ٹویوٹا، مزدا اور یاماہا کو کچھ گاڑیوں کی شپمنٹ روکنے کا حکم دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے نے وضاحت کی ہے کہ جن ٹیسٹوں کے نتائج میں بے ضابطگیاں پائی گئی ہیں ان میں صرف سیفٹی سے متعلق ٹیسٹ شامل نہیں تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں