کتب خانے کسی بھی قوم کا اثاثہ ہیں،عزت نزیر بلوچ

قلات۔ ڈپٹی کمشنر قلات عزت نزیر بلوچ نے کہا ہے کہ کتب خانے کسی بھی قوم کا اثاثہ ہیں۔ دنیا میں وہی قومیں ترقی کرسکتی ہیں جو اپنی تاریخ، ثقافت اور گردوپیش کے حالات سے باخبر رہتے ہیں۔ نوجوان نسل کی ذہنی استعداد میں اضافے کیلیے کتب خانے اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ لائبریریاں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پبلک لائبریری قلات کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر انہوں نے لائبریری میں دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور آنلائن کلاسیں لینے والے طلباء و طالبات کے مسائل تفصیل سے سنے۔ ڈپٹی کمشنر قلات نے موقع پر مسائل کے حل کیلیے احکامات بھی دیئے اور دیگر مسائل کو فوری طور پر حل کروانے کی یقین دہانی بھی کروائی۔ ڈپٹی کمشنر قلات عزت نزیر بلوچ نے پبلک لائبریری کے بہترین نظام و انسرام کی انجام دہی پر عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی عملہ پبلک لائبریری کی فعالی میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے آنلائن کلاسوں کے پیش نظر درپیش انٹرنیٹ کے مسائل کے حل کیلیے فوری طور پر پی ٹی سی ایل انٹرنیٹ کی دوسری کنکشن لگوانے کے احکامات دیے۔ ڈپٹی کمشنر قلات نے کہا کہ طلباء وطالبات کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور انکے مسائل کے حل کیلیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ انہوں نے پبلک لائبریری کی عمارت کی تزئین و آرائش اور مزید کمروں کی تعمیر کیلیے ضلعی انتظامیہ کو جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کے احکامات بھی دیئے۔ عزت نزیر بلوچ نے مزید کہا کہ طلباء ملک و قوم کا مستقبل ہیں۔ انہیں بہترین تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور پرسکون ماحول کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ محنت لگن اور اخلاص کے ساتھ اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھیں تاکہ آنے والے وقتوں میں ملک و قوم کی ترقی میں اپنا قائدانہ کردار ادا کرسکیں۔
عزت نزیر بلوچ نے کہا کہ کتب خانے ذہنی تفریح کا ایک تعمیری ذریعہ ہوتے ہیں۔ انسان کتابوں کی دُنیا میں نہ صرف اپنی پریشانیوں کو بھول جاتا ہے بلکہ اُس کی سوچ میں وسعت بھی آ جاتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ تاریخ اُنہی قوموں کا احترام کرتی ہے جو اپنے عِلمی سرمائے کی حِفاظت کرنا جانتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں