اپوزیشن اراکین نے اسپیکر قومی اسمبلی کو ڈکٹیٹر قرار دیدیا

اسلام آباد (انتخاب نیوز) اپوزیشن اراکین اسمبلی نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق پر ایوان میں بات نہ کرنے دینے کا الزام لگاتے ہوئے ڈکٹیٹر قرار دے دیا۔ پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج اسپیکر نے ہمیں بولنے کا موقع نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان زیادہ بیٹھتی ہے تاکہ عوامی معاملات پر بحث ہو، سپریم کورٹ میں درخواستیں زیر سماعت ہیں اس پر بات کرنی تھی۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ کسی کی پرائیویسی کے خلاف کوئی قانون سازی نہیں ہو سکتی۔ پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا کہ کل کرم ایجنسی میں دہشت گردی واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ وزیرستان میں آج دوسرا حملہ ہوا، خدا لواحقین کو صبر دے۔ انہوں نے کہا کہ قوانین پر ترامیم ہونے جارہی ہیں اور ہمیں آگاہ نہیں کیا جا رہا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ قومی اداروں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز پر کوئی بات چیت یا طریقہ کار زیر بحث نہیں آیا۔ اسپیکر ایاز صادق اپوزیشن لیڈر کو کوئی موقع نہیں دے رہے، اسد قیصر بحیثیت اسپیکر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بھرپور موقع دیتے تھے۔ میں جب بولنے لگتا ہوں تو ہمیں روک دیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں