سیاسی جماعت ہندو تاجر کے قتل میں ملوث ہے، ہم پر الزامات بے بنیاد ہیں، جھالاوان عوامی پینل

کوئٹہ:جھالاوان عوامی پینل کے رہنماؤں میر نور احمد رئیسانی، میر ابرارالحق مینگل نے کہا ہے کہ جھالاوان عوامی پینل پر گزشتہ دنوں ایک سیاسی جماعت کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں، یہ جماعت خود ہندو تاجر نانک رام کے قتل اور اجیت نامی تاجر کی دکان کو بھتہ نہ دینے پر لوٹنے میں ملوث ہے، وڈھ کے منتخب نمائندوں کے بھتیجے کی ڈاکوؤں کے ساتھ تصاویر اس بات کی گواہ ہیں کہ مذکورہ جماعت کالعدم تنظیموں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کر رہی ہے، ایم این اے نے 17ارب روپے کی اسکیمات کے ٹھیکیداروں سے پیمنٹ لی ہے، یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ دن قبل وڈھ میں اقلیتی برداری کے ایک تاجر نانک رام کو بھرے بازار میں بے دردی سے قتل کرکے اس کا الزام جھالاوان عوامی پینل پر لگایا گیا لیکن یہ قتل را فنڈڈ کالعدم تنظیم کے ڈیتھ اسکواڈ کے بھتہ خور ونگ نے کیا ہے یہی گروہ ایک ماہ قبل اجیت نامی تاجر کی دکان کو بھتہ نہ دینے پر لوٹ چکا ہے جس کی ویڈیوز اور تصاویر موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ نانک نام کے قاتلوں کی نشاندہی ہو چکی ہے اور اب یہ سیاسی جماعت اپنے بھتہ خور ونگ کو بچانا چاہتی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ نانک رام کے قاتلوں کو گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان بھر میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات میں بھارتی فنڈڈ مذہبی، لسانی لشکر اور کالعدم تنظیمیں ملوث ہیں بیرون ملک بیٹھے لوگ ان لشکروں کو معاونت فراہم کر رہے ہیں او ر ساتھ ہی ایک سیاسی جماعت انکا سیاسی ونگ بنی ہوئی ہے یہی جماعت اور لشکر خضدار کے علاقے توتک میں اجتماعی قبروں، فوج،پولیس،ایف سی اور لیویز کے جوانوں،ماہرین تعلیم،ڈاکٹروں،عمائدین پر حملوں میں ملوث ہیں انہوں نے کہا کہ مذکورہ جماعت وفاقی حکومت کو بلیک میل کرکے 17ارب روپے کی ترقیاتی اسکیمات اپنے من پسند ٹھیکیداروں کو دلوا کر کروڑوں روپے کی کرپشن کرچکی ہے ہماری حکومت، مقتدرہ حلقوں سے اپیل ہے کہ وہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدآمد کرتے ہوئے ان تمام گروہوں کی سرکوبی کریں بصورت دیگر ملک کو اسکا نقصان ہوگا

اپنا تبصرہ بھیجیں