ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات
اسلام آباد(صباح نیوز)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے کوئٹہ میں ملاقات کی ہے ۔ ملاقات کے دوران صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال اور صوبہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے حوالے سے اٹھایا جانے والے اقدمات سمیت صوبہ بلوچستان کے میگا پروجیکٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے سیدال خان کو صوبہ بلوچستان میں سکیورٹی اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات بارے تفصیلی آگاہ کیا۔ وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ عوام کو تحفظ فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ، صوبہ بلوچستان کی ترقی وخوشحالی کے لئے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف پاکستان متعدد منصوبے شروع کر رہے ہیں اور امن وامان کے قیام کے حوالے سے بھی وزیر اعظم پاکستان کی دلچسپی قابل تحسین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تخریب کاری کے حالیہ واقعات سے سب کو دلی افسوس ہوا ہے اور ان واقعات کی تدارک کے لیے موثر حکمت عملی اختیار کی گئی ۔ڈپٹی چیئرمین سینٹ کو بتایا گیا کہ سکیورٹی کے معاملات میں بہتری لانے کے لیے ا وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق واضح پالیسی اختیار کر لی گئی ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدا ل خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف ملک بھر اور خاص طور پر صوبہ بلوچستان کی سکیورٹی اور ترقی کے حوالے سے انتہائی سنجیدہ ہیں انہوں نے سکیورٹی کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے نہ صرف صوبہ بلوچستان کا دورہ کر کے موثر حکمت عملی واضح کی ہے بلکہ متعلقہ اداروں کو ہدایات بھی دی ہیں کہ صوبہ بلوچستان کی عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور محمد نواز شریف بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں وہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کو صوبہ بلوچستان میں لانے کے لیے بھی انتہائی سرگرم عمل ہیں ۔وہ وقت دور نہیں جب صوبہ بلوچستان ترقی کی جانب گامزن ہو جائے گا صوبہ بلوچستان کی عوام کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں نہ صرف یہ صوبہ بلکہ پاکستان بھی ترقی کرے گا اور صوبہ بلوچستان کی عوام کو بھی ترقی و خوشحالی نظر ائے گی ،صوبہ بلوچستان کے مختلف شعبوں تعلیم صحت ، پانی، ذراعت معدنیات اور دیگر کی بہتری کے لیے موثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔