مختلف شہروں سے 9 مشتبہ افراد گرفتار،دھماکا خیز مواد،جدید اسلحہ بر آمد
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 71 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 9 مشتبہ افراد گرفتار کرلئے۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائیاں لاہور ،میانوالی، بہاولپور ، رحیم یار خان ، ساہیوال ، راولپنڈی ، فیصل آباد، جہلم اور چکوال میں کی گئیں ،اس دوران میانوالی سے فتنہ الخوارج اور فیصل آباد سے داعش کا ایک،ایک مشتبہ شخص گرفتارکرلیاگیا۔ترجمان کا بتانا ہے کہ مشتبہ افراد سے دھماکا خیز مواد ، دو ہینڈ گرنیڈ ، 26 ڈیٹونیٹر ، 73 فٹ حفاظتی فیوز وائر، گولیاں، اسلحہ ، موبائل فون اور نقدی برآمدکرلی گئی۔ترجمان کے مطابق مشتبہ افراد کی شناخت عبدالکریم ، عثمان ، عمران صدیقی ، شانی ، شوکت ، احمد خان ، شیراز محمود ، سعید الرحمن اور مستجاب کے نام سے ہوئی ہے۔ترجمان کابتانا ہے کہ مشتبہ افراد مختلف مقامات پر کارروائی کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے، سی ٹی ڈی نے رواں ہفتے میں 978 کومبنگ آپریشنز کے دوران 78 مشتبہ افراد گرفتار کئے ، کومبنگ آپریشنز میں 34694 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔