باقا عدہ انقلاب کا اعلان کر رہا ہوں، ادارے قومی رائے کی عزت نہیں کرسکتے تو سائیڈ پر ہوجائیں،گنڈاپور

پشاور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہاہے کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ ہمیں مارے گا تو وہ مرنے کے لئے تیار رہے، باقا عدہ انقلاب کا اعلان کر رہا ہوں، انقلاب کے علاوہ کوئی حل نہیں، ادارے قوم کی آواز نہیں بن سکتے اور قوم کی رائے کی عزت نہیں کرسکتے تو سائیڈ پر ہوجائیں۔ایک ویڈیو بیان میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ملک میں پہلے ہماری عزتوں، چارد اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا لیکن ہم نے ملک کے لئے اف تک نہیں کی، اب ہم پر بھی گولیاں برسائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے 2 کارکنوں کو گولیاں ماری گئی، تیسرے کارکن کو گولی ماری گئی جس کا پتہ نہیں چل رہا، ہم پر سیدھے شیل مار کر 50 سے زیادہ کارکنوں کو زخمی کیا گیا، پنجاب کی حدود میں ہر 3 کلو میٹر پر ہم پر شیل اور گولیاں برساتے رہے۔وزیراعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ پورا پاکستان ہمارا ہے، پورے ملک کو مبارک باد دیتا ہوں، کئی پولیس اہلکار ہمارے ہتھے چڑھے لیکن میں نے ان کو ریسکیو کیا، پنجاب پولیس کے نوجوانوں اگر اپنے باپ کے اولاد ہو تو بیان دو کے ہم نے تم کو چھوڑ دیا تھا۔علی امین نے کہا کہ اس کے بعد کوئی گولی برسائے گا ،تو اس پر گولی برسائی جائے گی، تم ایک گولی چلا گے ہم 10 گولی چلائیں گے، تم ایک شیل اور لاٹھی ماروگے ہم 10 ماریں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ تمام قبائل ہماری پارٹی میں ہیں، پختونخوا کے لوگوں قبائل میں جرگے کرو، سب متحد ہو جائو، اگر تم لوگ کہتے ہو کہ یہ سب ہمارا ہے، اور وہ ہمیں ماریں گے تو پھر مرنے کے لیے تیار ہو جائیں، یہ میرا واضح پیغام ہے دھمکی نہیں ہے اور یہ اصلاح کی آخری وارننگ ہے۔علی امین نے کہا کہ ادارے قوم کی آواز نہیں بن سکتے اور قوم کی رائے کی عزت نہیں کرسکتے تو سائیڈ پر ہوجائیں، عوام کے فیصلے عوام کو کرنے دیں، سیاستدانوں کو سیاست کے فیصلے کرنے دیں، ادارے بیچ میں نہ آئیں اور پھر دیکھیں آگے کیا ہوتا ہے، باقا عدہ انقلاب کا اعلان کر رہا ہوں، انقلاب کے علاوہ کوئی حل نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں