پہلا روزہ اتوار کے روز ہونے کا امکان ہے، رویت ہلال ریسرچ کونسل

اسلا م آباد (آئی این پی )رویت ہلال ریسرچ کونسل نے پہلا روزہ اتوار کے روز ہونے کا امکان ظاہر کردیا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق جمعتہ المبارک 28 فروری کی شام ہلال کی رویت ممکن نہیں، جمعہ کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر14 گھنٹوں سے بھی کم ہوگی۔ رویت ہلال کیلئے چاند کی عمر19گھنٹوں سے زائد ہونی چاہیے۔ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ چاند کا سورج سے زاویائی فاصلہ کم از کم 10 ڈگری ہونا چاہیے جو کہ5 ڈگری ہوگا، غروب آفتاب اورغروب قمرکیدرمیان فرق کم از کم 40 منٹ ہونا چاہیے، کوئٹہ اور جیوانی میں فرق30 منٹ جبکہ دیگر تمام علاقوں میں 29 منٹ ہوگا، چاند کی رویت کھلی آنکھ سے درکنار، ٹیلی سکوپ سے بھی ممکن نہیں۔واضح رہے کہ مذہبی امور کے مطابق ماہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 29 شعبان 28 فروری کو پشاور میں طلب کیا گیا ہے۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کریں گے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ زونل رویت ہلال کمیٹیاں اپنے متعلقہ مقامات پر اجلاس کریں گی، زونل کمیٹی اسلام آباد کا اجلاس وزارت مذہبی امور میں ہوگا، چاند نظر آنے یا نہ آنے کاحتمی اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔دوسری جانب پشاور میں زونل کمیٹی کا اجلاس بھی آج طلب کیا گیا ہے جسکی صدارت مفتی شہاب الدین پوپلزائی کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں