گوادر پورٹ اور گوادر فری زون ساوتھ کو20 میگاواٹ بجلی کی فراہمی پر کام شروع

گوادر (این این آئی) سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت 727.738 ملین روپے کی تخمینہ لاگت سے گوادر پورٹ اور گوادر فری زون ساﺅتھ کو 20 میگاواٹ بجلی کی فراہمی کےلئے کام شروع ہوگیا۔ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) نے بجلی کی تاروں اور کھمبوں سمیت ضروری بنیادی ڈھانچے کو سائٹ پر پہنچا دیا ہے، بجلی کے کھمبے لگانے کا کام اب زور و شور سے جاری ہے۔ کیسکو کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ 5 میگاواٹ کی صلاحیت کے ساتھ چار آزاد فیڈرز ڈیپ سی پورٹ گرڈ اسٹیشن سے گوادر پورٹ اور گوادر فری زون ساﺅتھ کو بجلی فراہم کریں گے۔ تکمیل کے بعد یہ منصوبہ بندرگاہ کی طویل مدتی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کافی ہوگا۔ توقع ہے کہ یہ منصوبہ اس سال جون کے آخر تک مکمل ہوجائے گا۔ کیسکو حکام نے بتایا کہ کمپنی پہلے ہی گوادر نارتھ فری زون کو 10 میگاواٹ بجلی فراہم کرچکی ہے جس سے سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے جنہیں گزشتہ سال زون کے قیام کے بعد سے بجلی کی ضرورت تھی۔گوادر پرو کے مطابق اس سے قبل گوادر پورٹ 8.5 میگاواٹ ڈیزل سے چلنے والے جنریٹر سے مہنگی بجلی پر انحصار کرتی تھی جس کے آپریشنل اخراجات زیادہ ہوتے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں