سول اسپتال کوئٹہ کے برن یونٹ کو بغیر فارماسسٹ کے چلانا عوامی صحت کے ساتھ مذاق ہے، ینگ فارماسسٹ الائنس
کوئٹہ (پ ر) ترجمان ینگ فارماسسٹ الائنس نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سول اسپتال کے برن یونٹ (Burn Unit) کو بغیر فارماسسٹ کے چلانا ایک سنگین المیہ اور عوامی صحت کے ساتھ کھلا مذاق ہے۔ برن یونٹ دو آئی سی یوز، دو وارڈز اور پچاس بیڈز پر مشتمل ایک حساس شعبہ ہے، جسے مو¿ثر انداز میں چلانے کے لیے کم از کم 10 سے 12 فارماسسٹ کی شفٹ وائز بنیادوں پر ضرورت ہے۔ترجمان کے مطابق، حالیہ اشتہار میں برن یونٹ کے لیے صرف ایک فارماسسٹ کی اسامی رکھنا نہایت افسوسناک اور غیر سنجیدہ اقدام ہے۔ برن یونٹ میں بغیر فارماسسٹ کے دوائیں تقسیم کرنا، ان کا ذخیرہ کرنا اور فارمیسی سے منسلک دیگر انتظامی امور کو سنبھالنا اسپتال انتظامیہ کی سنگین غفلت اور بدترین نااہلی کی عکاسی کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ فارماسسٹ صحت کے نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس لیے اسپتال انتظامیہ اور سیکرٹری صحت سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ وہ برن یونٹ میں فارماسسٹ کی تعداد کو دیگر ہیلتھ کیئر اسٹاف کے تناسب سے فی الفور بڑھانے کے اقدامات کریں۔ بصورتِ دیگر ینگ فارماسسٹ الائنس بھرپور احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔


