اوتھل میں منشیات اسمگل کرنے والا شخص اور 4 خواتین گرفتار، بھاری مقدار میں چرس برآمد کرلی گئی
اوتھل (نمائندہ انتخاب) اوتھل پولیس کی کارروائی، ایک شخص اور چار خواتین کے جسم سے کمال ہوشیاری سے چھپائی گئی کل 25 کلو 200 گرام چرس برآمد کرلی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب اوتھل پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث ایک گروہ منشیات اسمگل کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے جس پر اوتھل کے قریب زیرو پوائنٹ چیک پوسٹ پر اسنیپ چیکنگ تیز کردی۔ اسنیپ چیکینگ کے دوران خضدار سے آنے والی ایک مسافر ویگن کو روکا گیا۔ استفسار پر ایک شخص نے اپنی شناخت ناصر احمد ولد عید محمد سکنہ کوئٹہ کے نام سے کروائی اور ساتھ بیٹھی ہوئی چار خواتین کو اپنے رشتہ داروں کے طور پر متعارف کرایا۔ تمام مسافروں کو تصدیق کے لیے اتار دیا گیا۔ ملزم ناصر احمد کی جامعہ تلاشی کے دوران ملزم کے پیٹ کے گرد سلوشن ٹیپ سے باندھی گئی 4 کلو 800 گرام چرس برآمد کر لی، باقی چاروں خواتین کو ان کے پردے کا خیال رکھتے ہوئے چیک پوسٹ پر قائم کردہ ایک علیحدہ کمرے میں لے جایا گیا جہاں ان خواتین کی بذریعہ لیڈی کانسٹیبلان جامعہ تلاشی لی گئی۔ جن کے پیٹ کے گرد سلوشن ٹیپ سے باندھ کر چھپائی ہوئی منشیات برآمد کی گئی۔ جس کی تفصیل پلوشہ دختر عبدالرحمان کے قبضہ سے 4 کلو 800 گرام چرس، شبانہ زوجہ نبی بخش کے قبضہ سے 6 کلو چرس، ساحرہ بی بی دختر صاحب خان کے قبضہ سے 4 کلو 800 گرام چرس، جان بی بی زوجہ صاحب خان کے قبضہ سے 4 کلو 800 گرام چرس منشیات اسمگلرز خضدار سے منشیات کراچی سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ جن کے قبضے سے جملہ 25 کلو 200 گرام چرس برآمد کر لی گئی جبکہ منشیات کی عالمی منڈی میں مالیت 30 لاکھ کے لگ بھگ بتائی جارہی ہے اوتھل پولیس نے گرفتار منشیات اسمگلروں کے خلاف نارکوٹکس کی دفعات 9(1)3C و 9(1)3D کے تحت مقدمہ نمبر 116/2025 درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ جس میں اہم انکشاف متوقع ہیں۔


