سوراب ، تین ماہ سے گیس کی مکمل بندش، شہریوں کو ہزاروں روپے کے بل، گزشتہ تین ماہ کے بل معاف کرنے اور گیس بحال کرنے کا مطالبہ
سورا(نمائندہ انتخاب) سوراب شہر اور گردونواح میں گزشتہ تین ماہ سے گیس کی مکمل بندش کے باوجود سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے صارفین کو ہزاروں روپے کے بھاری بل ارسال کیے جانے پر شہریوں نے شدید احتجاج اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک طرف گھروں میں گیس کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہے اور عوام کھانا پکانے کے لیے مہنگی لکڑی اور ایل پی جی سلنڈر خریدنے پر مجبور ہیں، جبکہ دوسری جانب گیس کی عدم فراہمی کے باوجود بھاری بل بھیجے جا رہے ہیں، جو پہلے سے مہنگائی کے ستائے عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب گزشتہ تین ماہ سے گیس فراہم ہی نہیں کی جا رہی تو صارفین سے ہزاروں روپے کے بل کس مد میں وصول کیے جا رہے ہیں؟ غریب عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، ایسے میں غیر استعمال شدہ گیس کے بھاری بلوں کی ادائیگی ان کے لیے مزید مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔شہریوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین عوامی مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام سے بازپرس کریں۔ انہوں نے ایم پی اے سوراب نوابزادہ میر ظفراللہ خان زہری سے بھی اپیل کی کہ وہ اسمبلی فلور پر سوراب میں گیس کی بندش اور بھاری بلوں کا مسئلہ اٹھا کر عوام کو ریلیف دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔شہریوں نے سوئی سدرن گیس کمپنی سے مطالبہ کیا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران گیس کی عدم فراہمی کے بل معاف کیے جائیں اور جب تک گیس بحال نہیں ہوتی، صارفین کو بل ارسال کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ انہوں نے گیس کی فوری بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں عوام احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔


