امریکہ میں کرونا کیسز کی تعداد 70 لاکھ سے تجاوز کر گئی
کرونا سے متاثرہ ملکوں کی عالمی فہرست میں امریکہ کے بعد بھارت ہے جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 86 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔بھارت میں اب تک 92 ہزار سے زیادہ اموات اور 58 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔پاکستان میں کرونا کے شکار مزید سات مریض دم توڑ گئے جب کہ 798 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
دنیا سے کرونا وائرس ختم ہونے کے فی الحال کوئی آثار دکھائی نہیں دے رہے اور جوں جوں وقت گزر رہا ہے، بہت سے لوگوں کے لیے سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ اس کیفیت کو ماہرین ‘پینڈیمک فٹیگ’ کا نام دے رہے ہیں۔ تفصیلات دیکھیے صبا شاہ خان کی اس رپورٹ میں۔
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 86 ہزار 52 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ پانچ روز کے دوران کیسز میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔بھارت میں پانچ روز قبل تک یومیہ کیسز کی تعداد 90 ہزار سے زیادہ رپورٹ ہو رہی تھی۔
وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کیسز کی مجموعی تعداد 58 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ گزشتہ چوبیس گھںٹوں میں مزید 1141 اموات ہوئی ہے جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 92 ہزار 290 تک پہنچ چکی ہے۔
بھارت کی وزارتِ صحت کے مطابق ملک میں کرونا وائرس سے ریکوری کی اوسط 81 فی صد سے زائد ہے اور عالمی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ پانچ ریاستوں میں مہاراشٹرا، آندھرا پردیس، تامل ناڈو، کرناٹکا اور اترپردیش ہیں جہاں 60 فی صد سے زائد کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
دنیا کا سب سے زیادہ کرونا وائرس سے متاثرہ ملک امریکہ ہے جہاں کیسز تعداد 70 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔کیسز کے اعتبار سے ریاست کیلی فورنیا سب سے آگے ہے جہاں اب تک آٹھ لاکھ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جس کے بعد ٹیکساس، فلوریڈا اور نیویارک میں زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔
امریکہ میں گزشتہ ہفتے کیسز کی تعداد میں اچانک اضافہ نوٹ کیا گیا جو مسلسل آٹھ ہفتوں میں کیسز کی کمی کے بعد اچانک اضافہ تھا۔
ماہرینِ صحت کے مطابق کیسز کا حالیہ اضافہ اسکول اور یونیورسٹی کھلنے کے علاوہ لیبر ڈے کی چھٹیوں کے موقع پر مختلف تقاریب کے انعقاد کی وجہ سے ہے۔
امریکہ میں عالمی وبا سے اب تک دو لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں اور روزانہ تقریباً 700 اموات ہو رہی ہیں۔ امریکہ میں عالمی وبا سے ہونے والی اموات کی یہ تعداد دنیا میں کسی بھی ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔