ایک پینل کی جانب سے انتخابی ضابطہ ء اخلاق کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہیں،بی پی ایل اے یکجہتی پینل
کوئٹہ:بی پی ایل اے یکجہتی پینل کے کنوینرز نے بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے ہونے والے انتخابات کے حوالے سے ایک پینل کی طرف سے انتخابی ضابطہ ء اخلاق کی خلاف ورزی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے الیکشن کمیٹی سے اپیل کی ہے کہ ابھی تک کاغذات نامزدگی کے مراحل پورے ہی نہیں ہوئے ہیں اور نہ ہی الیکشن کمیٹی کی طرف کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہوئے ہیں لیکن مذکورہ پینل انتخابی مہم پر نکلا ہوا ہے۔ بیان میں مذکورہ پینل کے ایک ذمہ دار کی جانب سے حالیہ غیر سنجیدہ اور غیر پارلیمانی زبان کے استعمال کا بھی سختی نوٹس لیا گیا ہے اور الیکشن کمیٹی سے اپیل کی گئی ہے ضابطہ ء اخلاق کی ہر حال میں پابندی کو یقینی بنایا جائے۔ سالڈریٹی کے کنوینرز نے اپنے بیان میں انتخابی فہرستوں میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے کہا ہے کہ یکجہتی پینل بےضابطگیوں سے متعلق پر الیکشن کمیٹی سے بات کرے گا کہ اس مسئلہ کو فوری طور پر حل کیا جائے اور الیکشن کے دن کسی بھی پروفیسر کو حق رائے دہی سے محروم نہ رکھا جائے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ الیکشن کے لیے پروفیسروں کی پینل سازی اور نامزدگی پر بھاری فیسوں میں رعایت دی جائے اور جمہوری عمل کو آسان اور سہل بنایا جائے وگرنہ سابقہ نااہل کابینہ اس سے ناجائز فوائد اٹھاتا رہے گا۔ بیان میں ایک بار پھر زور دیا گیا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق ، انتخابی فہرستوں اور ممبر شپ کارڈ میں بے ضابطگیوں کا نوٹس لیا جائے اور کالج اساتذہ کے وقار اور شناخت کو مسخ ہونے سے بچایا جائے۔ کنوینرز نے واضح کیا کہ انتخابی مہم میں کسی بھی کے قسم کے اوچھے ہتھکنڈے کو برداشت نہیں کیا جائے گا نہ ہی غیر پارلیمانی اور انسانی روایات کے خلاف ہونے والا کوئی بھی عمل قابل قبول ہوگا ۔