تربت، بجلی بندش سے عاجز مشتعل شہریوں نے شاہراہ بلاک کردی
تربت(نمائندہ انتخاب) بجلی بندش، سامی فیڈر اور بلیدہ کے عوام کااحتجاج، سامی فیڈر بجلی کی بندش کے خلاف بجلی صارفین نے سی پیک شاہراہ ایم ایٹ روڈ بلاک کردیا،پنجگور،آواران،کوئٹہ اور اندرون کیچ سے آنے جانے والی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں،کاروباری حضرات اور مسافروں کو شدید گرمی میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا،ڈپٹی کمشنر کیچ میجر(ر) محمد الیاس کبزئی کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد ایم ایٹ روڈ بلاک کرنے والے مظاہرین نے روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا،مذاکرات کے بعد بجلی بحال کردی گئی، مظاہرین میں سامی، شاپک،ککن، شہرک اور ہیرونک کے بجلی صارفین شامل تھے مظاہرین کا کہنا ہے کہ کیسکو کی بدمعاشیاں اب ناقابل برداشت ہوگئی ہیں آئے روز سامی فیڈر کو ہفتوں تک بند کیا جاتا ہے اگر چند لوگ بجلی کا بل ادا کرنے سے قاصر ہیں یا غیر قانونی کنکشن استعمال کررہے ہیں اس میں دیگر بجلی صارفین کی خطا کیا ہے فیڈر بند کرنے کے بجائے صرف ان کی بجلی کاٹی جائے، پوری فیڈر کی بجلی بند کرنا غنڈہ گردی ہے کیسکو اپنی کوتاہیوں اور نااہلی کو چھپانے کے لیئے فیڈر کو بند کردیتا ہے انہوں نے کہا کہ اگر آئندہ مکمل فیڈر بند کئے گئے تو ایم ایٹ روڈ کے علاوہ پورے شہر کو بند کردیں گے انہوں نے کہا کہ ہم ڈپٹی کمشنر کیچ محمد الیاس کبزئی کے مشکور ہیں جنہوں نے ہماری مشکلات وپریشانیوں کا احساس کرتے ہوئے سامی فیڈر بحال کروائی اور ہمیں یقین دہانی کرائی کہ آئندہ سامی فیڈر بند نہیں کی جائے گی،علاوہ ازیں بلیدہ میں کئی روز سے بند بجلی اور واپڈا کی غنڈہ گردی کے خلاف شدید عوامی احتجاج کیاگیاہر طبقہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی، گزشتہ دنوں بٹ بلیدہ کے عوام،دکاندار،طلبا،اور سیاسی سماجی قیادت نے واپڈا ایس ای، ایکسئین،ایس ڈی او اور کرپٹ ایل ایس کے خلاف سخت احتجاج کیا اور وارننگ دی کہ اگر کئی دنوں سے بند بجلی آج بحال نہیں ہوئی تو نہ صرف پر امن احتجاج کے دیگر ذرائع استعمال کریں گے بلکہ تربت پل کو بند کیا جائے گا اور تربت کراچی روڈ کو بند کیا جائے گاانہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق 35فیصد بل جمع ہونے کی صورت میں واپڈا حکام کسی ٹرانسفارمر کا لائن منقطع نہیں کر سکتالیکن واپڈا کی غنڈہ گردی اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ ہمارے گاؤں اور محلے میں 95 فیصد شفاف بلنگ ہورہی ہے اور عوام خود بل جمع کررہے ہیں اس کے باوجود 33 کے وی لائن کئی دنوں سے بند کیا گیا ہے احتجاج کے دوران معتبرین اور سماجی وسیاسی سینئر نمائندوں سے ایف سی کمانڈنٹ نے کامیاب مذاکرات کئے اور مظاہرے کے دوران ہی بلیدہ کی بجلی بحال کرنے کے بعد عوام پرامن طور پر منتشر ہوئے۔