سلیکٹڈ حکومت مسائل حل کرنے کی بجائے وسائل فروخت کرنے کے حکم کی تعمیل کررہی ہے، شکیلہ نوید دہوار

کوئٹہ، بلوچستان نیشنل پارٹی کی رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے بی ڈی اے کے کنٹریکٹ ملازمین کو سات ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادئیگی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں بلوچستان اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں ملازمین کے حقوق کا دفاع کریں گی ۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ کمر توڑ مہنگائی میں ملازمین کی سات ماہ سے تنخواہیں بند کرنا باعث افسوس ہے ، بلوچستان اسمبلی کے آئندہ ماہ کے اجلا س میں اپوزیشن اراکین عوام دشمن رویہ پر سلیکٹڈ صوبائی حکومت کا محاسبہ کریں گے ۔ انہوںنے کہا کہ بی ڈی اے کے ملازمین سات ماہ سے تنخواہوں کی بندش اور مستقلی کیلئے سراپا احتجاج ہیں مگر سلیکٹڈ صوبائی حکومت ان کے جائز مطالبات تسلیم کرنے کی بجائے صوبہ کے ساحل وسائل ، معدنیات جزائر کو فروخت کرنے کے حکم کی تعمیل کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک کرووڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھرفراہم کرنے کادعویٰ کرنیوالی سلیکٹڈ وفاقی حکومت اور ان کے اتحادیوں نے کروڑوں لوگوں سے ان کا روزگار ،سروں سے چھت چھین لی ۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے لوگ پہلے ہی خط غربت سے نیچے زندگی بسر کررہے ہیں، حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے خدشہ ہے کہ لوگ ایک وقت کی روٹی سے بھی محروم ہوجائیں گے انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بی ڈی اے کے ملازمین کو مستقل کرکے بند تنخواہیں ادا کرے ۔ انہوں نے بی ڈی اے ملازمین کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی ان کی جدوجہد میں ہر قدم پر ان کے شانہ بشانہ ہوگی

اپنا تبصرہ بھیجیں