کوئٹہ،لیویز بھرتیوں کیخلاف خضدار لانگ مارچ کے شرکاء کا احتجاج جاری

کوئٹہ:خضدار میں لیویز کی خالی آسامیوں کے لئے مبینہ طور پر من پسند افراد کی بھرتیوں کے خلاف خضدار سے کوئٹہ پیدل لانگ مارچ کے شرکاء پیر کو بھی پریس کلب کوئٹہ کے باہر احتجاج پر بیٹھے رہے اس موقع پر انہوں نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پیدل مارچ کے شرکاء کا کہنا تھاکہ وہ ایک ہفتے سے شدید سرد موسم میں احتجاج پر بیٹھے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے ان کی شنوائی نہیں ہورہی ہے جو ہمیں اس بات پر مجبور کررہی ہے کہ ہم بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرے اور وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں۔ انہوں نے کہاکہ لیویز کی خالی آسامیوں پر من پسند افراد کو تعینات کیا جارہا ہے جو اہل اور میرٹ پر آنے والے امیدواروں کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر فوری طور پر لیویز کی خالی پوسٹوں پر اہل اور میرٹ پر آنے والے امیدواروں کو ان کا جائز حق نہ دیا گیا تو احتجاج کا راستہ اپنانے پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی دن مبینہ طور پر اس نارواعمل خلاف آواز بلند کی مگر متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے جس پر انہوں نے مجبور ہو کر خضدار سے کوئٹہ پیدل لانگ مارچ کیا اور یہاں احتجاج شروع کیا مگر ایک ہفتہ گزر چکا ہے تاہم ابھی تک حکومت کی جانب سے انہیں یقین تک نہیں کرائی گئی ہے جو افسوسناک ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں