سریاب میں برقی قلت کا معمہ حل کیاجائے، بی این پی
کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری موسی بلوچ کی سربراہی میں پارٹی کے نمائندہ وفد نے سریاب کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بار بار ٹریپنگ،کم ولٹیج اور گزشتہ 3مہینے سے شاہنواز فیڈر سے بجلی کی بندش کے سلسلے میں اے سی سریاب یاسر دشتی، ایس ڈی او سریاب کیسکو انجینئر اظہار علی بگٹی سے ملاقات کی۔ وفد میں پارٹی کے مرکزی کمیٹی ممبر غلام نبی مری، ضلعی قائمقام صدر ملک محئی الدین لہڑی، لیبر سیکرٹری ڈاکٹر علی احمد قمبرانی، سابق ضلعی صدر میر غلام رسول مینگل، پارٹی کے ضلعی کونسلران ڈاکٹر شبیر احمدقمبرانی، عطا محمد بلوچ،اور پارٹی کے ممبر غلام مصطفی مینگل شامل تھے۔ وفد نے اے سی سریاب اور ایس ڈی او کیسکو کو بتایا کہ سریاب و ملحقہ علاقوں میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بار بار ٹریپنگ کی وجہ سے یہاں کے عوام کو طرح طرح کے مشکلات اور سنگین مسائل کا سامنا کرناپڑرہاہے بلکہ گزشتہ 3مہینے سے شاہنواز فیڈر کے علاقوں کلی گوہر آباد،کلی شاہنواز، کلی کمالو، کلی بڑو، کلی حسین آباد، سریاب مل، کلی چلتن، کلی نیچاری، کلی ولی آباد، کلی محمد شہی، کلی میر غلام رسول مینگل، کلی مینگل آباد، ہزار گنجی، یخاب و دیگر علاقوں کو بجلی نہیں مل رہی ہے اس سلسلے میں گزشتہ دنوں عوام نے سریاب مل کے مقام پر احتجاج کیا اور کئی گھنٹے تک شاہراہیں بند کیا انہوں نے کہاکہ بجلی کی بندش اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پانی کی قلت کے مسئلے نے جنم لے لیا ہے اور لوگ پینے کے پانی کے لئے در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی مذکورہ حلقے کی نمائندہ جماعت ہے جو کہ کسی بھی صورت میں اپنے حلقے کے عوام کو مشکل حالات میں اکیلا نہیں چھوڑ سکتی ہے اس سلسلے میں پارٹی کے منتخب عوامی نمائندوں نے بارہاں اعلی حکام سے ملاقاتیں کیں ہیں اور عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لئے کوششیں اور جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش رہتی ہے کہ اپنے عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرائے جائیں اور انہیں ریلیف فراہم کی جائے۔ بی این پی عوامی مسائل کے حل اور بلوچ ساحل وسائل پر واک و اختیار اور ان کے حقوق کے لئے ہر دستیاب پلیٹ فارم پر آئینی و جمہوری طریقے سے آواز بلند کرتی رہے گی اس موقع پر اے سی سریاب یاسر دشتی اور ایس ڈی او کیسکو انجینئر اظہار علی بگٹی نے پارٹی کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ مذکورہ علاقوں کو بجلی کی بلاتعطل بجلی کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے بی این پی کے رہنماؤں نے کہا کہ اگر سریاب کے علاقوں میں بجلی کا مسلہ مستقل بنیادوں پر حل نہ ہوئے تو کسی بھی صورت میں خاموش نہیں رہیں گے کیونکہ ہمیں اپنے لوگوں کی اجتماعی مفادات تمام تر چیزوں سے مقدم اور عزیز ھیں یہاں کے عوام نے جس انداز میں پارٹی کی عملی سیاست اور جدوجہد پر اعتماد اور بھروسہ کا اظہار کیا ہے انہیں کسی بھی صورت میں مایوس نہیں کریں گے۔