سلیکٹڈ حکومت نے عوام کے حقوق کو پامال کیا ہے،مولانا واسع
کوئٹہ: جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی مولانا عبدالواسع اورجنرل سیکرٹری سید آغا محمود شاہ نے کہا ہے کہ جمعیت علما اسلام اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں جمہوری نظام کی مضبوطی کے لئے اپنا کردار ادا کررہی ہے، قانون کی بحالی کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے پاکستان کے عوام سلیکٹڈ حکومت کے فیصلوں سے انحراف کررہی ہے کیونکہ سلیکٹڈ حکومت نے عوام کے حقوق کو پامال کیا ہے مہنگائی بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ 13جنوری کو پی ڈی ایم کی جانب سے لورالائی میں ناکام حکومت کے خلاف بہت بڑا جلسہ منعقد ہوگا اور جلسے میں پی ڈی ایم کے مرکزی قائد مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر قائدین شرکت کریں گے اور یہ جلسہ پی ڈی ایم کا اتحاد حکومت کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا کیونکہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے عوام کے حقوق سلب کیے ہیں آئے روز مہنگائی اورغربت کی شرح میں اضافہ کی وجہ سے لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کا بیانیہ ملک بچانے کے لئے ایک جدوجہد ہے جب تک ملک میں جمہوری نظام مضبوط نہیں ہوگا اس وقت تک ملک بحرانوں سے نہیں نکل سکتا۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم ضمنی الیکشن میں جعلی حکومت کے لئے راستہ کھلا نہیں چھوڑے گی کیونکہ ضمنی انتخابات میں پھر وہی سلیکٹڈ لوگ منتخب ہوں گے جن کا عوام کے حقوق سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کے سربراہ اجلاس میں جو بھی فیصلے ہوئے ہیں ان پر فیصلوں پر عملدرآمد ہوگا۔