ڈاکٹر مالک دور، خضدار میں ٹیوب ویلز کی تنصیب میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات سی ایم آئی ٹی کے ذریعے کروائی جائیں گی، سردار صالح بھوتانی

کوئٹہ: صوبائی وزیربلدیات سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا ہے کہ ضلع خضدار میں 2013سے 2018تک لگائے گئے پانی کے ٹیوب ویلز کی تنصیب میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات سی ایم آئی ٹی کے ذریعے کروائی جائیں گی، یہ بات انہوں نے منگل کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے دوران پوچھے گئے سوال نمبر 301کے جواب میں محرک میر یونس عزیز زہری کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراض کے جواب میں کہی، وزیربلدیات نے کہا کہ محرک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بور لگانے کا کام نہیں ہوا میری اطلاعات ہیں کہ بور کمیونٹی کے حوالے کردئیے گئے ہیں محرک سنی سنائی باتوں پر کان نہ دھریں اگر انہیں منصوبے میں شکوک و شبہات ہیں تو معاملے کی آزادنہ جانچ کروانے کے لئے تیارہوں، انہوں نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات محکمے کی بجائے سی ایم آئی ٹی کے ذریعے کروائی جائیں گی تاکہ شفاف تحقیقات ممکن ہوسکیں انہوں نے کہا کہ جس کام میں بے ضابطگی اور بد عنوانی کا عنصر موجود ہے اس کی تحقیقات ضرور کی جانی چاہیے جس پر ڈپٹی اسپیکر نے رولنگ دی کہ معاملے کی سی ایم آئی ٹی سے تحقیقات کروا کر ایوان کو رپورٹ پیش کی جائے،

اپنا تبصرہ بھیجیں