گوادر پورٹ خطے کا قیمتی موتی بن گئی ہے،چینی سفیر
اسلام آباد: پاکستان میں تعینات چین کے سفیر نونگ رونگ نے کہا ہے کہ گوادر بندرگاہ خطے کا ایک قیمتی موتی بن گئی ہے، چینی کمپنیاں گوادر منصوبوں میں تیزی لائیں،کوویڈ 19 وبائی مرض بچاو کیلئے سخت حفاظتی اقدامات کریں، گوادر سیف سٹی گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی کا ایک ناگزیر حصہ ہے، پاکستان کے ساتھ مل کر خطے میں قدرتی ماحول کی حفاظت کیلئے سی پیک کو ایک گرین بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو ماڈل بنائے گا۔ چینی سفیر نونگ رونگ نے گوادر بندر گاہ پر چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کے تحت تمام بڑے منصوبوں کا دورہ کیا جس میں نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پروجیکٹ، چین پاک فرینڈشپ ہسپتال، گوادر میں چین پاک ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ، گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے پروجیکٹ،گوادر فری زون اور گوادر پورٹ شامل ہیں۔ انہوں نے چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نصیر کاشانی، گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈی جی شاہ زیب کاکڑ، جی او سی ایس ڈی ڈی(ساوتھ)میجر جنرل ایم عامر نجم اور پاکستان نیوی ویسٹرن کمانڈ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل جواد احمد سے ملاقات کی۔ انہوں نے مڈل اسکول فقیر کالونی گوادر کے ذہین طلبہ کے لئے اسکالرشپ ایوارڈ تقریب اور چینی سفیر گرین ایمپلائمنٹ اسکیم کے آغاز کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ اس فیلڈ وزٹ کے دوران سفیر نونگ رونگ نے تعمیراتی مقام پر کارکنوں کو اسپرنگ فیسٹیول کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا اسپرنگ فیسٹیول آرہا ہے، لیکن آپ اس منصوبے کو تیز تر کرنے اور گوادر پورٹ کو ایک بہتر جگہ بنانے کے مشترکہ ہدف کے ساتھ اپنی پوسٹوں پر قائم ہیں۔ ہم سب جانتے ہیں کہ اسپرنگ فیسٹیول خاندانی ملاقات کا ایک وقت ہے۔ آپ مادر وطن سے دور پروجیکٹ سائٹ پر چینی نیا سال تنہا گزارتے ہیں اور گوادر کو اپنا گھر بناتے ہیں۔ مجھے تم پر فخر ہے! سفیر نے گوادر میں موجود کمپنیوں سے کہا کہ وہ منصوبوں میں تیزی لائیں اور کوویڈ 19 وبائی مرض بچاو کیلئے سخت حفاظتی اقدامات کریں اور چین پاکستان دوستی میں زیادہ سے زیادہ کردار ادا کریں۔ جی او سی ایس ایس ڈی(ساتوھ) میجر جنرل ایم عامر نجم اور کمانڈر پاکستان نیوی ویسٹرن کمانڈ کے ریئر ایڈمرل جواد احمد سے ملاقات کے دوران، سفیر نونگ نے سی پیک منصوبوں اور اہلکاروں کی حفاظت میں مسلح افواج کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر چیز کی حفاظت ضروری ہے۔ گوادر سیف سٹی گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی کا ایک ناگزیر حصہ ہے، جو گوادر کے لئے روشن مستقبل کی تصویر کشی کرتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ تمام مقامی لوگ اور پاکستانی عوام اس آ نے والے دن کا انتظار کر رہے ہیں۔ کوئی بھی اس کے ساتھ پہلا قدم اٹھانے سے ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرے گا۔ گرین ایمپلائمنٹ سکیم کی لانچنگ تقریب میں شرکت کے موقع پر سفیر نونگ نے کہا کہ یہ منصوبہ وزیر اعظم عمران خان کے کلین گرین گوادر موومنٹ کے اقدام کے جواب میں ہے، اور چین پاکستان کے ساتھ مل کر خطے میں قدرتی ماحول کی حفاظت کیلئے سی پیک کو ایک گرین بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو ماڈل بنائے گا۔ مڈل اسکول فقیر کالونی گوادر کے ذہین طلبا کو اسکالرشپ دیتے ہوئے سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ 2021 میں دوطرفہ تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے، بچے قوم کا مستقبل اور چین پاکستان دوستی کی امید ہیں۔ انہوں نے طلبا کو موقع سے فائدہ اٹھانے، تعلیم حاصل کرنے اور بڑے ہوکر ملک کی صلاحیتوں اور سی پیک کے بلڈر بننے کی ترغیب دی اور کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین نسل در نسل دوستی جاری رکھیں۔