بلوچستان میں پہلے ٹیلی میڈیسن کلینک کا آغاز

کوئٹہ:عالمی ادارہ صحت اور حکومت بلوچستان نے لورالائی بلوچستان میں پہلے ٹیلی میڈیسن کلینک کا آغاز کر دیا۔تفصیلات کے مطابق غیر سرکاری تنظیم صحت کہانی نے عالمی ادارہ صحت کے اشتراک سے لورالائی،میں ای ہیلتھ کلینک کا افتتاح کر دیا ہے۔اس موقع پرڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ ژوب ڈاکٹر شاہجہاں پانیزئی مہمان خصوصی تھے جبکہ تقریب میں عالمی ادارہ صحت کے سب آفس بلوچستان کے سربراہ ڈاکٹر بابر عالم،نیشنل پاپولیشن افسر ڈاکٹراسفندیار شیرانی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شبیر،صحت کہانی کے لیڈ سیلز اینڈ ٹیکنیکل سید عاطف علی اورریجنل ہیڈ صحت کہانی جناب عامر احمد سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔اس موقع پر ڈاکٹر شاہجہاں پانیزئی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ بلوچستان اس خطے میں صحت عامہ کی جدید خدمات متعارف کروانے پر صحت کہانی کی تخلیقی کاوشوں کی معترف ہے۔ اس اقدام کے نتیجے میں بہت سے پسماندہ علاقوں کے مریض معیاری علاج کی سہولت سے مستفید ہوسکیں گے اور ہم مستقبل کے ایسے منصوبوں کے لئے بھی صحت کہانی اور عالمی ادارہ صحت کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔ ڈاکٹر بابر عالم کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت بلوچستان کے صوبے میں معیاری علاج کی سہولت بہم پہنچانے پر بہت پرجوش ہے۔ڈاکٹر اسفندیار شیرانی نے کہا کہ بلوچستان جیسا صوبہ کہ جہاں صحت کے شعبے میں بہتری کی کثیر گنجائش موجود ہے وہاں کسی بھی وقت اور کسی بھی جگہ پر موجود ڈاکٹر سے فوری رابطے کی سہولت مہیا ہونے سے صحت کا منظر نامہ مکمل طور پر تبدیل ہوسکتا ہے۔ڈاکٹر شبیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے صحت کہانی کا بلوچستان میں اپنے پہلے کلینک کے قیام کے لئے لورالائی کا انتخاب ایک خوش آئند بات ہے۔ ہم پر امید ہیں کہ اس سے علاقے میں صحت عامہ کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔سید عاطف علی کا کہنا تھا کہ ہم بلوچستان میں اپنے پہلے کلینک کے افتتاح کو لے کر بہت پرجوش ہیں اور ہمیں امید ہے کہ یہ کلینک ایک ایسے سفر کی شروعات ہے جس کے ذریعے ہم صوبے میں صحت کی صورتحال کو مثبت طریقے سیتبدیل کرسکیں گے۔ واضح رہے کہ صحت کہانی اور عالمی ادارہ صحت نے پاکستان میں کرونا وائرس (کوویڈ19) کی صورتحال کے دوران اور اس کے بعد ضروری جنسی اور تولیدی صحت کی دیکھ بھال کے لئے ٹیلی میڈیسن خدمات کے استعمال کو بڑھانے کے لئے اشتراک کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں