سلیکٹڈ حکومت کے ہرمنصوبے کو ناکام بنایا جائے گا،مولانا واسع

کوئٹہ :جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت کے ہرمنصوبے کو ناکام بنایا جائے گا، پی ڈی ایم حکومت کے عزائم کا ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہے،سلیکٹڈ حکمرا ن اب مزید نہیں چل سکتے، پی ڈی ایم کی جانب سے لانگ مارچ سے قبل احتجاج مظاہروں اور ریلیوں کے اعلان کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے صوبائی دفتر میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ناقابل برداشت مہنگائی نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے بجلی،گیس اور روز مرہ استعمال کے اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہے سلیکٹڈ حکومت مہنگائی کو قابو کرنے میں ناکام ہوچکی ہے اسلام آباد میں سرکاری ملازمین اپنے حقوق کے لئے جمہوری انداز میں احتجاج کر رہے ہیں لیکن سلیکٹڈ حکومت نے جس انداز سے سرکاری ملازمین پر تشدد اور آنسو گیس کا استعمال کیاایسا کسی بھی جمہوری معاشرے میں نہیں ہو تا، ہم شروع دن سے کہہ رہے ہیں کہ یہ سلیکٹڈ حکومت ہے یہ عوام کی منتخب کردہ حکومت نہیں ہے اس لئے اپنی ناکامی چھپانے کے لئے سلیکٹڈحکمرا نوں نے سرکاری ملازمین پر تشدد کرکے دنیا کو پیغام دیا کہ سرکاری ملازمین کی اس ملک میں کوئی حیثیت نہیں ہے تین سال میں مہنگائی کی شرح میں جو اضافہ کیاگیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی تاہم اس کے باوجود سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ جمعیت علما اسلام اور پی ڈی ایم نے ملک اور عوام کی خاطر احتجاج کررہی ہے کیونکہ جب تک ملک میں جمہوری نظام کو بحال نہیں کیا جاتا اس وقت تک یہ سسٹم نہیں چلے گا۔پی ڈی ایم کی جانب سے 26مارچ سے قبل احتجاج کا جو اعلان کیاگیا ہے اس پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا جمعیت علما اسلام اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں تین مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات میں مشترکہ امیدوار سامنے لائیں گے کیونکہ یہ پی ڈی ایم کے مرکزی قیادت کا فیصلہ ہے اور اس فیصلے پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں