معدنیات یونیورسٹی کے قیام کے لیے درست منصوبہ کی ضرورت ہے، گورنر یسین زئی

کوئٹہ : گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ بلوچستان قدرتی وسائل و معدنیات سے مالا مال صوبہ ہے. لہٰذا معدنیات اور قدرتی وسائل سے متعلق نئی یونیورسٹی کے قیام کے تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ کے لیے درست منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔گورنر یاسین زئی نے کہا کہ نوکنڈی میں وسیع قطعہ اراضی حاصل کرنے اور قابلِ عمل منصوبہ تیار کرنے پر توجہ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں رخشان ڈویڑن نوکنڈی میں معدنیات اور قدرتی وسائل سے متعلق یونیورسٹی کے قیام کے حوالے بریفنگ کے دوران کیا. اس موقع پر صوبائی سیکرٹری انڈسٹری حافظ عبدالماجد، سیکرٹری لائیو سٹاک طیب لہڑی، سیکرٹری زراعت قمبر دشتی سیکرٹری لیبر اینڈ مین پاور سائرہ عطاء، ایڈیشنل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن حمیداللہ خان ناصر، ایڈیشنل سیکرٹری معدنیات غلام مصطفیٰ سمیت ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا نمائندہ بھی موجود تھے. بریفنگ میں معدنیات اور قدرتی وسائل سے متعلق یونیورسٹی کے قیام تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر یاسین زئی نے کہا بلوچستان میں پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے ماہرین اور محققین سے بہتر رہنمائی لی جاسکتی ہے اور مختلف شعبوں میں جدید تحقیق سے استفادہ کرکے ہم اپنی آنے والی نسلوں کیلئے روشن مستقبل کو یقینی بنا سکتے ہیں. موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ہمیں موجودہ حکومت کی مالی معاونت کی اشد ضرورت ہے. بریفنگ کے دوران شرکاء کی تجاویز اور سفارشات کے نتیجے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں