صاف پانی ضمنی ریفرنس، شہباز شریف کے داماد اور بیٹی کیخلاف اشتہاری کی کارروائی کا آغاز

لاہور: احتساب عدالت نے صاف پانی ضمنی ریفرنس میں سابق وزیر اعلی شہباز شریف کے داماد اور بیٹی کے خلاف اشتہاری کی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ عدالت نے دونوں ملزمان کی طلبی کے اشتہارات آویزاں کر دیئے۔

احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے صاف پانی کمپنی ضمنی ریفرنس کی سماعت کی۔ دوران سماعت پولیس کے سب انسپکٹر نے رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ رابعہ عمران اور عمران علی یوسف کے اشتہارات آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق احتساب عدالت کے باہر بھی شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد کو اشتہاری قرار دینے کے اشتہار آویزاں کر دیئے گئے۔ عدالت میں پیش نہ ہونے پر رابعہ عمران اور عمران علی یوسف کے اشتہاری ہونے کی کاروائی کا آغاز کیا گیا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ملزمان کے پیش نہ ہونے کو دانستہ غیر حاضری تصور کیا جائے گا، عدم حاضری پر منقولہ و غیر منقولہ جائیداد ضبط کی جائے گی۔ عدالت نے رپورٹ کو قانون کے مطابق اور تسلی بخش قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں