سینیٹ الیکشن شیڈول تبدیلی: پیپلزپارٹی کا الیکشن کمیشن سے وضاحت کا مطالبہ

اسلام آباد: سینیٹ الیکشن شیڈول تبدیلی پر پیپلزپارٹی نے سوالات اٹھا دیئے، الیکشن کمیشن سے وضاحت کا مطالبہ کر دیا۔ نیئر بخاری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا شیڈول میں تبدیلی کا فیصلہ شکوک کو جنم دیتا ہے۔

جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو تاریخ میں توسیع دینے سے انکار کیا، پھر شیڈول تبدیل کر دیا، تحریک انصاف امیدواروں کے ٹکٹوں کا حتمی فیصلہ نہیں کر سکی، الیکشن کمیشن نے شیڈول تبدیلی سے حکمران جماعت کیلئے سہولت کار بننے کا کردار ادا کیا۔

ادھر الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے شیڈول میں رد و بدل کر دیا۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے وقت میں دو دن کا اضافہ کر دیا گیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 15 فروری تک بڑھا دی گئی ہے، نامزد امیدواروں کی فہرست 16 فروری کو جاری ہوگی، کاغذات کی جانچ پڑتال 17 تا 18 فروری کو ہوگی، کاغذات پر اپیلیں 20 فروری تک دائر ہوسکیں گی، 23 فروری تک تمام اپیلوں کو نمٹا دیا جائیگا جبکہ 24 فروری کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی، 25 فروری تک امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ پولنگ 3 مارچ کو ہی ہوگی، امیدواروں سہولیت کیلئے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔

یاد رہے پیپلزپارٹی سمیت سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی جانب سے قانونی تقاضوں اور کاغذات نامزدگی کے لوازمات پورا کرنے کے لیے کاغذات نامزدگی کا وقت بڑھانے کی درخواست کی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں