عبدالقادر نیب زدہ و پیراشوٹر: پی ٹی آئی سے تعلق نہیں، میر تاج محمدرند

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے آئین ومنشور کے مطابق صرف پارٹی کا رکن ہی سینیٹ کا امیدوار بن سکتا ہے عبدالقادر پیرا شوٹر ہیں انکا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہے وزیراعظم عمران خان کے انہیں ٹکٹ دینے کے فیصلے پر کارکنوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں، عبدالقادر کو جنہوں نے وزیراعظم سے متعارف کروایا انکے خلاف تحقیقا ت ہونی چاہئیں، یہ بات پی ٹی آئی کے ریجنل صدور ڈاکٹر منیر بلوچ، نواب خان دمڑ، تاج محمد رند، وارث دشتی،صوبائی رہنماؤں بسم اللہ آغا، بابر یوسفزئی نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے بلوچستان سے جس امیدوارکو سینیٹ کے لئے ٹکٹ جاری کی ہے وہ ایک پیراشوٹر ہیں عبدالقادر نیب زدہ اور شہباز شریف کے شراکت دار رہے ہیں وہ پی ٹی آئی کا حصہ نہیں ہیں جبکہ پارٹی آئین و منشور کے مطابق پارٹی کے رکن ہی سینیٹ امیدوار بن سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ مرکزی قیادت اور پارلیمانی بورڈ کے فیصلے پر پارٹی کے پرانے ساتھیوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اس فیصلے سے بلوچستان میں پارٹی کی بنیادیں ختم ہو جائیں گی انہوں نے کہا کہ 11رکنی پارلیمانی بورڈ میں بلوچستان میں کسی کو بھی نمائندگی نہیں دی گئی جس پر پارٹی کو تحفظات ہیں عبدالقادر کا نام دینے کی مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے جس خدشے سے متعلق ٹوئٹ کیا کہ بلوچستان میں 50سے 70کروڑ خرچ کئے جارہے ہیں اور ہم انکا راستہ روکیں اسکی کے برعکس فیصلہ کیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے دیگر فیصلے ٹھیک ہیں تاہم بلوچستان سے متعلق جو فیصلہ کیا گیا اس پر نظر ثانی ہونی چاہیے انہوں نے کہا کہ چیئر مین سینیٹ بلوچستان عوامی پارٹی سے ہیں ہمیں ان سے کوئی گلہ نہیں ہے ہمیں پارٹی کے ان رہنماؤں سے گلہ ہے جنہوں نے وزیراعظم اور پارلیمانی بورڈ سے عبدالقادر کو متعارف کروایا اس تما م معاملے کی جانچ ہونی چاہیے اور ناموں کو سامنے لاکر کاروائی کی جائے انہوں نے کہا کہ پارلیمانی لیڈر ارکان اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس بھی کریں گے انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں موقع دیا جائے تو تین گھنٹے میں متفقہ امیدوار کا فیصلہ کر سکتے ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں