فورسز وردیوں میں ملبوس افراد نے نوجوان کو لاپتا اور گھروں کو نذر آتش کردیا، خاران میں معتبرین کی پریس کانفرنس

خاران (نامہ نگار) خاران سیاہ پاد ایروپانی قبائل کے معتبر سردار زبیر احمد ایروپانی نے رند سیاہ پاد قبیلے کے معتبرین و نوجوانوں کے ہمراہ خاران پریس کلب میں پرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات گئے ہمارے قبیلے کے معتبرین سفید ریش اور نوجوان اپنی کلی اراضیات گودانو گواش سی پیک روڑ خاران پر موجود تھے کہ تین گاڑیاں اور تین موٹر سائیکل کلی میں داخل ہوگئے جنہوں نے ایف سی کے گاڑیوں کا رنگ اور وردی پہنیں تھے، انہوں نے کہا کہ ہم ایف سی کے لوگ ہیں، یہاں بی ایل اے اور بی ایل ایف تنظیم کے لوگ موجود ہیں ہم سرچ آپریشن کرنے آئے ہیں تو انہوں نے ہمارے لوگوں کو اکٹھا کرکے ہاتھ باندھ دیے، ہم نے کسی طرح کی مزاحمت نہیں کی، اسی دوران باقی گاڑیاں بھی آگئیں اور انہوں نے ہمارے لوگوں کے گھروں کو جلا دیا حتیٰ کہ مسجد کو بھی شہید کردیا گیا اور لوگوں کو اپنے ساتھ لے جاکر سی پیک روڈ پر چھوڑ دیا جبکہ ایک نوجوان مشاہد حسین ولد طاﺅس خان کو اپنے ساتھ لے گئے جو تا حال ان کے قبضے میں ہے اور ہمارے لوگوں کے موبائل فون اور شناختی کارڈ بھی ان کے قبضے میں ہیں، سردار زبیر پریازئی و دیگر نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پھر گاڑیاں ہماری کلی میں داخل ہوگئی جن کی سربراہی ملا سعید کبدانی و دیگر کررہے تھے یہ لوگ اب بھی جند اللہ تنظیم اور دیگر اداروں کے نام پر فون کرکے بلیک میلنگ کرتے آرہے ہیں، واقعہ کی اطلاع ڈپٹی کمشنر خاران کو دی اور لیویز تھانہ خاران میں ایف آئی آر کیلئے ملزمان کیخلاف کارروائی کی درخواست دی ہے لیکن تا حال ملزمان کیخلاف خاطر خواہ کارروائی نہیں کی گئی، بدقسمتی سے سیشن جج کے ریڈر موصوف کے قریبی رشتہ دار ہیں، اسی لیے ایف آئی آر ممکن نہیں ہورہی۔ ہم ایم پی اے خاران، کمانڈنٹ ایف سی خاران، ڈپٹی کمشنر خاران سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملزمان کیخلاف ایف آئی آر درج کرکے کارروائی کو ممکن بنائے کیونکہ یہ لوگ یہی چاہتے ہیں کہ ہمارے قبیلے اور اداروں کے درمیان دوریاں پیدا ہوسکیں۔ اس موقع پر حاجی نصر اللہ رند، حاجی محمد عمر شادین زئی، ٹکری مصطفی شادین زئی، حفیظ اللہ رند، حاجی غلام حیدر رند و دیگر بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں