فیصل آباد میں فائرنگ کے 2واقعات، ایک ڈاکو ہلاک، 45سالہ شخص قتل

فیصل آباد (صباح نیوز)پولیس مقابلہ کے دوران متعدد وارداتوں میں مطلوب ڈاکو ہلاک ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں تھانہ بلوچنی کے علاقہ 58 ر۔ب میں مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران ڈاکو عدنان عرف دانا ہلاک ہوگیا۔ رپورٹ کے مطابق بلوچنی پولیس کو 58 ر۔ب میں عدنان کے دوست کے گھر موجودگی کی اطلاع ملی جس پر تھانہ بلوچنی پولیس نے چھاپہ مارا تو عدنان اور ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔ پولیس مقابلہ کی اطلاع کے بعد سی پی او کامران عادل کے حکم پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں عدنان شدید زخمی ہوگیاجبکہ اسکا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ہلاک ڈاکو عدنان ڈکیتی،راہزنی اور پولیس مقابلوں سمیت سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا جبکہ دوسری جانب مخالفین نے فائرنگ کرکے 45 سالہ شخص کو قتل کردیا۔تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ ستیانہ روڈ پر چک نمبر 234 گ۔ب میں مخالفین نے فائرنگ کر کے 45 سالہ شخص محمد افضل ولد محمد ریاض کو قتل کر دیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آ کر اس کا ساتھی الیاس علی ولد فقیر محمد زخمی ہو گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں