قدرتی وسائل سے مالا مال بلوچستان پر نیک نیتی سے کام کی ضرورت ہے،صوبائی وزیر خزانہ

کوئٹہ (انتخاب نیوز)صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے یہاں معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں اگر اس سیکٹر پر نیک نیتی سے توجہ دی جائے تو یہ شعبہ صوبے کےلئے گیم چینجر ثابت ہوسکتاہے، بدقسمتی سے پچھلے ادوار میں اس سیکٹر پر خاص توجہ نہیں دی گئی ان خیالات کا اظہار انہوں نے مائنز مالکان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جمعہ کے دن مائنز مالکان کے ایک وفد نے ان سے انکے دفتر میں ملاقات کی مائنز مالکان نے صوبائی وزیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر سیکٹریری معدنیات سیدال خان لونی اور ڈائریکٹر جنرل معدنیات عبداللہ شاہوانی بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ ہماری حکومت وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں عوام کے مسائل احسن طریقے سے حل کرنے کے لیے کوشاں ہے مائننگ شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاکر اصلاحات کرینگے کیونکہ مائننگ سیکٹر صوبے کی خوشحالی اور پائیدار معیشت کی ضامن ہے انہوں نے مزید کہا کہ ہماری صوبائی حکومت عوام کی فلاح وبہبود اور مسائل حل کرنے کے لیے شب وروز کوشاں رہے گی لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں