ڈاکٹر مالک، افراسیاب خٹک اور محسن داوڑ کی ملاقات، ملکی معاملات پر نیا اتحاد بنانے پر اتفاق

کوئٹہ (آن لائن) نیشنل پارٹی کے سربراہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے بزرگ سیاسی رہنما افراسیاب خٹک اور نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے چیئرمین محسن داوڑ، وزیراعلیٰ بلوچستان کے سابق کوآرڈینیٹر احمد جان کی سربراہی میں وفد کی ملاقات، بڑے بھائی کے انتقال پر تعزیت۔ سیاسی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے رہنماﺅں نے اس بات کا اظہار کیا کہ ملک میں تاریخ کے بدترین انتخابات کا انعقاد کیا گیا، عوام کے مینڈیٹ کو پاﺅں تلے روندھ کر مرضی و منشا کے افراد کو جتوایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے ملک مزید سیاسی و معاشی بدحالی کا شکار ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سے جو امیدیں تھیں وہ دم توڑی نظر آرہی ہیں، ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں نے عوام اور مظلوم اقوام و طبقات کے مفادات پر حکمرانوں سے کمپرومائز کرلیا۔ اس لیے آج بھی جمہوریت کی بحالی، پارلیمنٹ کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی اور قوموں کی برابری اہم قومی معاملات ہیں جن پر قومی و سیاسی و جمہوری قوتوں کو یکجا ہوکر انصاف کے حصول اور ملک میں شفاف و غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد اور ملکی اداروں کی انتخابی عمل میں مداخلت کے خلاف متحد ہوکر اپنے جمہوری سیاسی کردار کو ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ملاقات میں نیشنل ڈیمو کریٹک موومنٹ کے مرکزی سیکرٹری جنرل مزمل شاہ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات جمیلہ گیلانی، انجینئر شیر احمد محسود، ایمل خان ناصر اور رحمت خان شامل تھے۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر جان محمد بلیدی، مرکزی نائب صدر ڈاکٹر اسحاق بلوچ، مرکزی انفارمیشن سیکرٹری اسلم بلوچ، علی احمد لانگو، مشکور انور، فدا بلیدی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ رہنماﺅں نے سیاسی پارٹیوں کے درمیان رابطوں کو دوبارہ فعال و متحرک رکھنے اور سیاسی گفت و شنید و مشاورت کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر جان محمد بلیدی کو ذمہ داری دی کہ وہ تمام قوم پرست و وطن دوست قیادت و سیاسی پارٹیوں کی قیادت سے مشاورت کے بعد مشترکہ اجلاس کے انعقاد کو یقینی بنائیں تاکہ مشترکہ و متفقہ لائحہ عمل تشکیل دیا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں