یورپی پارلیمنٹ کی یورپی یونین تجارتی معاہدے کی توثیق
برسلز:یورپی پارلیمنٹ نے5 کے مقابلے میں 660 ووٹوں کے ساتھ یورپی یونین (ای یو) اور برطانیہ (یوکے) کے مابین تجارت اور تعاون کے معاہدے کی توثیق کردی۔کئی گھنٹے جاری رہنے والی بحث کے بعد پارلیمنٹ میں بدھ کو 660 قانون سازوں نے آزاد تجارتی معاہدے کے حق میں اور پانچ نے مخالفت میں ووٹ دیا جبکہ 32 ارکان غیر حاضر رہے۔برطانیہ نے 1973 میں یورپی یونین میں شمولیت اختیار کی تھی تاہم ملک میں ہونے والے ریفرنڈم کے بعد 2016 میں انخلا کا اعلان کیا تھا۔31 دسمبر 2020 کو بریگزٹ عبوری مدت ختم ہونے سے پہلے دونوں فریق کسی معاہدے تک پہنچنے میں ناکام رہے تھے۔ یورپی یونین کے شماریاتی دفتریوروسٹیٹ کے تازہ ترین اعدادوشمارکے مطابق بریگزٹ سے یورپی یونین اوربرطانیہ کی اشیا کی تجارت بری طرح متاثرہوئی ہے۔2021 کے پہلے دو ماہ میں، یورپی یونین کی برطانیہ کے لئے برآمدات میں گذشتہ سال کے مقابلہ میں 20.2 فیصد کمی جب کہ برطانیہ سے یورپی یونین کی درآمدات میں کہیں زیادہ 47 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔


